• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm

کورونا وبا: ملک میں مزید 122 اموات کا اضافہ، مجموعی متاثرین ایک لاکھ 73 ہزار سے زائد

شائع June 20, 2020
کورونا کے باعث مختلف علاقوں کو سل کیا گیا ہے—فائل فوٹو: اے پی
کورونا کے باعث مختلف علاقوں کو سل کیا گیا ہے—فائل فوٹو: اے پی

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے ہونے والی اموات ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھ رہی ہے اور آج بھی ملک میں مزید کیسز اور اموات کے بعد مجموعی متاثرین ایک لاکھ 73 ہزار 856 ہوگئے جبکہ انتقال کرنے والوں کی تعداد 3 ہزار 417 تک پہنچ گئی۔

آج (20 جون) کی صبح تک ملک میں 5 ہزار 128نئے کیسز اور 122 اموات کا اضافہ ہوا جبکہ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھ گئی۔

واضح رہے کہ ملک میں رواں ہفتے سے اموات کی تعداد میں اچانک تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور یومیہ 100 سے زائد اموات رپورٹ کی جارہی ہیں۔

اگرچہ ملک میں اس وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مختلف علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی کو اپنایا گیا ہے، تاہم اس کے باوجود ملک میں کیسز اور اموات کی تعداد میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

اس وقت ملک میں سب سے زیادہ متاثر شہر کراچی ہے جہاں کیسز کی تعداد 50 ہزار سے زائد ہوچکی ہے جبکہ شہر میں اموات بھی 875 سے زیادہ ہیں۔

علاوہ ازیں اگر ملک کی مجموعی صورتحال اور اب تک کے اعداد و شمار پر نظر ڈالیں تو ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی کے مرتب کردہ ڈیٹا کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری جبکہ موت 18 مارچ کو رپورٹ ہوئی۔

پاکستان میں پہلے کیس سے لے کر 31 مارچ تک تقریباً 2 ہزار کیسز اور 26 اموات سامنے آئیں جو اپریل کے مہینے میں بڑھ کر 385 ہوگئیں جبکہ کیسز ساڑھے 16 ہزار سے بڑھ گئے۔

مئی کے مہینے میں صورتحال کافی تبدیل ہوئی اور ملک میں کیسز کی تعداد بڑھ کر 71 ہزار سے تجاوز کرگئی جبکہ اموات بھی 1500 سے زائد ہوگئیں۔

تاہم جون میں صورتحال بالکل ہی مختلف نظر آرہی ہے اور 19 روز میں تقریباً ایک لاکھ نئے کیسز اور 1700 سے زائد اموات کا اضافہ دیکھا گیا ہے۔

آج (20 جون) کو بھی ملک میں نئے کیسز اور اموات کی تصدیق ہوئی۔

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 2190 نئے کیسز اور 35 اموات سامنے آگئیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 10 ہزار 830 ٹیسٹ کیے گئے جس میں 2 ہزار 190 متاثر ہوئے جس کے بعد صوبے میں اب تک مجموعی متاثرین کی تعداد 67 ہزار 353 ہوگئی۔

ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 35 افراد کا انتقال بھی ہوا جس سے یہ تعداد 1048 تک جا پہنچی۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 2538 نئے کیسز اور ایک روز میں اب تک کی سب سے زیادہ 82 اموات ریکارڈ کی گئیں۔

سرکاری سطح پر اعداد و شمار و دیگر معلومات کی فراہمی کے لیے قائم ڈیش بورڈ کے مطابق صوبے میں گزشتہ 25 گھنٹوں میں 2 ہزار 538 لوگ متاثر ہوئے جس کے بعد تعداد 64 ہزار 216 ہوگئی۔

اسی طرح صوبے میں ایک روز میں اب تک کی سب سے زیادہ 82 اموات رپورٹ ہوئیں، جس کے بعد یہ تعداد 1265 سے بڑھ کر 1347 تک پہنچ گئی۔

اسلام آباد

دوسری جانب اسلام آباد میں بھی کورونا وائرس کے مزید 338 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 338 نئے مریضوں کے سامنے آنے کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 9 ہزر 941 سے بڑھ کر 10 ہزار 279 ہوگئی۔

گلگت بلتستان

ادھر گلگت بلتستان میں بھی کورونا کے وار جاری ہیں جہاں مزید 28 افراد اس وائرس کا شکار ہوگئے ہیں جبکہ 3 افراد لقمہ اجل بن گئے۔

ڈیش بورڈ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں گلگت بلتستان میں ان نئے مریضوں کی تشخیص ہوئی اور مجموعی کیسز کی تعداد 1225 سے بڑھ کر 1253 ہوگئی۔

اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں مزید 3 اموات کا اضافہ بھی ہوا جس سے یہ تعداد 18 سے بڑھ کر 21 تک پہنچ گئی۔

آزاد کشمیر

علاوہ ازیں آزاد کشمیر میں کورونا وبا نے مزید 34 افراد کو متاثر کیا جبکہ 2 فرد جان کی بازی ہار گئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ان نئے مریضوں کے سامنے آنے کے بعد یہ تعداد 769 سے بڑھ کر 803 ہوگئی۔

مزید یہ کہ 2 فرد کورونا وائرس سے انتقال کرگئے، یوں اب تک وہاں اموات کی تعداد 15 سے بڑھ کر 17 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

تاہم ملک میں کورونا وائرس کی تشویشناک صورتحال کے باوجود صحتیاب افراد کی تعداد دیگر مریضوں کے لیے حوصلہ افزا ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید 2 ہزار 121 افراد ایسے تھے جو مکمل شفایاب ہوگئے، جس کے بعد اب تک مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 61 ہزار 383 سے بڑھ کر 63 ہزار 504 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 173856

اموات: 3417

صحتیاب: 63504

فعال کیسز: 106935

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز 67 ہزار 353 ہیں تو وہیں پنجاب میں 64 ہزار 216 تک کیسز پہنچ چکے ہیں۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 20 ہزار 790 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 9 ہزار 162 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 10 ہزار 279، گلگت بلتستان میں 1253 اور آزاد کشمیر 803 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

پنجاب: 1374

سندھ: 1048

خیبرپختونخوا: 789

بلوچستان: 100

اسلام آباد: 95

گلگت بلتستان: 21

آزاد کشمیر: 17


پاکستان میں کورونا وائرس

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز سامنے آئے؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

پاکستان میں اموات

ملک میں کورونا وائرس سے پہلی موت 18 مارچ کو خیبرپختونخوا میں ہوئی تھی جس کے بعد 31 مارچ تک اموات کی مجموعی تعداد 26 ہوگئی تھی۔

تاہم یکم اپریل سے لے کر 30 اپریل تک مزید 359 اموات ریکارڈ کی گئیں، بعد ازاں مئی میں یہ تعداد 1500 سے تجاوز کرگئی تھی۔

ملک میں ہونے والی پہلی موت سے لے کر اب تک کس روز کتنی اموات ہوئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024