• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

پاکستان میں کورونا کے 3 لاکھ 2 ہزار 708 مریض صحتیاب، فعال کیسز 8 ہزار 726 رہ گئے

شائع October 9, 2020
پاکستان میں مجموعی صورتحال بہتر ہے—فائل فوٹو: رائٹرز
پاکستان میں مجموعی صورتحال بہتر ہے—فائل فوٹو: رائٹرز

پاکستان دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہے جہاں کورونا وائرس کی مجموعی صورتحال بہتر ہے تاہم گزشتہ چند روز سے یہاں کیسز میں کچھ اضافہ دیکھا جا رہا ہے جبکہ وزیراعظم عمران خان بھی موسم سرما میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کا خدشہ ظاہر کرچکے ہیں۔

ملک میں اب تک کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 17 ہزار 988 ہے تاہم خوش قسمتی سے ان میں سے 3 لاکھ 2 ہزار 708 صحتیاب ہوئے ہیں۔

اس کے علاوہ اس عالمی وبا سے ملک میں انتقال کرجانے والوں کی تعداد 6 ہزار 554 ہے۔

آج 9 اکتوبر کی شام تک ملک میں کورونا وائرس کے مزید 678 کیسز اور 4 اموات کا اضافہ ہوا جس میں 20 کیسز بلوچستان اور 44 کیسز خیبرپختونخوا کے گزشتہ روز کے تھے۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کو 7 ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے اور اس عرصے کے دوران اس وبا کے باعث ملک کو مختلف مراحل سے گزرنا پڑا ہے۔

26 فروری 2020 کو کورونا وائرس کا پہلا کیس رپورٹ ہونے کے بعد سب سے پہلے تعلیمی اداروں کی بندش کی گئی جس کے بعد دیگر شعبوں کو لاک ڈاؤن کی وجہ سے پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا۔

ملک میں ابتدائی مہینے میں کورونا کیسز کی تعداد کم تھی تاہم اپریل سے ان میں اضافہ ہونا شروع ہوا۔

جس کے بعد مئی میں مزید کیسز اور اموات بڑھیں تاہم جون کے مہینے میں صورتحال مکمل طور پر تبدیل ہوگئی۔

جون کے مہینے میں یومیہ 6 ہزار سے زائد کیسز اور 100 سے زائد اموات رپورٹ ہونے لگیں، جس کے بعد ہسپتالوں میں دباؤ بھی بڑھنے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔

تاہم بعد ازاں جولائی اور پھر اگست میں صورتحال بہتر ہوئی اور پھر پابندیوں کا شکار شعبوں کو کھول دیا گیا تاہم تعلیمی اداروں کو مزید ایک ماہ بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ستمبر کے مہینے میں صورتحال کو دیکھتے ہوئے تعلیمی اداروں کو 15 تاریخ سے مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ ہوا اور پھر اسکولز، کالجز اور جامعات میں تعلیمی سرگرمیاں بحال ہوگئی۔

تاہم ستمبر کے اواخر سے پاکستان میں کورونا وائرس کے یومیہ کیسز میں کچھ اضافہ رپورٹ ہونا شروع ہوا جس کے بعد کچھ مقامات خاص طور پر کراچی کے مختلف علاقوں میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا۔

آج 9 اکتوبر کو ملک میں کورونا وائرس کی مجموعی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس کے 339 نئے کیسز سامنے آگئے جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 39 ہزار 910 ہوگئی۔

وزیر اعلیٰ کے دفتر سے جاری یومیہ رپورٹ کے مطابق صوبے میں وبا سے مزید 2 مریض جاں بحق بھی ہوئے جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 2543 ہوگئی ہے۔

پنجاب

ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کورونا وائرس سے مزید 58 افراد کے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی جبکہ ایک مریض انتقال کرگیا۔

ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کی نگرانی کے لیے قائم کردہ سرکاری پورٹل کے مطابق صوبے میں 58 نئے کیسز نے پنجاب میں مجموعی کیسز کی تعداد کو ایک لاکھ 330 تک پہنچا دیا۔

مزید ایک مریض کے وفات پا جانے سے پنجاب میں وبا کے باعث مرنے والوں کی تعداد 2 ہزار 248 ہوگئی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مزید 113 کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ ایک فرد کا انتقال ہوا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان نئے کیسز کے بعد دارالحکومت میں مجموعی کیسز 17 ہزار 122 ہوگئے ہیں۔

علاوہ ازیں ایک فرد کے انتقال کر جانے سے مجموعی اموات کی تعداد 188 تک جاپہنچی۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے 54 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 38 ہزار 273 ہوگئی۔

صوبے میں جمعہ کو وبا سے کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا، یوں خیبرپختونخوا میں اموات کی تعداد 1263 پر برقرار ہے۔

گلگت بلتستان

ملک میں کورونا وائرس سے کم متاثرہ حصوں میں سے ایک گلگت بلتستان میں مزید 7 افراد وائرس کا شکار بنے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 7 نئے کیسز کے بعد وہاں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 3 ہزار 893 تک پہنچ گئی۔

آزاد کشمیر

وبا سے ملک کے سب سے کم متاثر علاقے آزاد کشمیر میں مزید 43 افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا۔

کووِڈ 19 پورٹل کے اعداد و شمار کے مطابق 43 نئے مریضوں کے بعد آزاد کشمیر میں کیسز کی تعداد 2 ہزار 980 ہوگئی ہے۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں روز بروز صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 334 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 334 مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 3 لاکھ 2ہزار 708 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 317988

اموات: 6554

صحتیاب: 302708

فعال کیسز: 8726

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 39 ہزار 910 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ 330 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 38 ہزار 273 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 15 ہزار 480 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 17 ہزار 122، گلگت بلتستان میں 3 ہزار 893 اور آزاد کشمیر میں 2 ہزار 980 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال:

سندھ: 2543

پنجاب: 2248

خیبرپختونخوا: 1263

بلوچستان: 146

اسلام آباد: 188

گلگت بلتستان: 89

آزاد کشمیر: 77

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024