• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

60 سال سے زائد عمر کے افراد کی کورونا ویکسینیشن کا 10 مارچ سے آغاز

شائع March 7, 2021
معمر افراد کی ویکسین کا عمل 10 مارچ سے شروع کرنے کا اعلان کیا گیا—فائل فوٹو: اے پی
معمر افراد کی ویکسین کا عمل 10 مارچ سے شروع کرنے کا اعلان کیا گیا—فائل فوٹو: اے پی

وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے اعلان کیا ہے کہ 60 سال سے زائد عمر کے افراد کی ویکسینیشن 10 مارچ سے شروع ہوگی۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ایک ٹوئٹ میں اسد عمر نے لکھا کہ بدھ 10 مارچ سے 60 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کی ویکسینیشن شروع کی جائے گی اور یہ ویکسینینش عمر کو دیکھتے ہوئے کی جائے گی۔

انہوں نے عمر کے لحاظ سے ویکسینینش کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس کا مطلب یہ ہے کہ رجسٹر ہونے والے معمر ترین شخص کو سب سے پہلے ویکسین لگائی جائے گی، ساتھ ہی انہوں نے مزید تفصیلات کل جاری کرنے کا اعلان کیا۔

مزید پڑھیں: سائنوفارم ویکسین کی 60 سال سے زائد عمر کے افراد میں استعمال کی منظوری

واضح رہے کہ یکم فروری کو چین سے 5 لاکھ کورونا وائرس کی ویکسین کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچی تھی جسے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وصول کیا تھا۔

بعد ازاں وزیراعظم نے کورونا وائرس کی ویکسینیشن مہم کا باقاعدہ آغاز کیا تھا جبکہ اگلے روز ملک بھر کے تمام صوبوں اور علاقوں میں فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو اس وبا سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کا عمل شروع ہوگیا تھا۔

ابتدائی طور پر فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو ویکسینشن کے بعد 65 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے ویکسینشن کے لیے رجسٹریشن کا آغاز کیا گیا تھا جس کے بعد 60 سال سے زائد عمر کے لوگوں کے لیے یہ رجسٹریشن شروع کردی گئی تھی۔

تاہم فروری کے مہینے میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا تھا کہ 60 سال یا زائد کے افراد کے لیے چینی ویکسین سائنو فارم لگانے کی تجویز نہیں اور انہیں برطانیہ کی آکسفورڈ-ایسٹرازینیکا ویکسین لگائی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان بھر میں کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کے عمل کا آغاز

بعد ازاں 4 مارچ کو ڈرگ ریگولیٹری اتھارتی آف پاکستان (ڈریپ) نے 60 سال سے زائد عمر کے افراد کو اسے لگانے کی بھی منظوری دے دی تھی۔

یہاں یہ واضح رہے کہ ملک میں ویکسینشن کے آغاز سے قبل این سی او سی نے ایک جامع پلان مرتب کیا تھا، جس کے تحت کورونا ویکسین کے طریقہ کار کو واضح کیا گیا تھا۔

طریقہ کار

  • پہلا مرحلہ: تمام شہری بمعہ فرنٹ لائن ہیلتھ کیئر ورکرز ایس ایم ایس کے ذریعے ’1166‘ پر اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر بھیجیں گے یا رجسٹریشن کے لیے نیشنل امیونائزیشن منیجمنٹ سسٹم کی ویب سائٹ کا استعمال کریں گے۔

  • دوسرا مرحلہ: تصدیق کے بعد موجودہ پتے کی بنیاد پر نامزد آڈلٹ ویکسین سینٹر اور پن کوڈ شہریوں کو بذریعہ ایس ایم ایس بھیجا جائے گا۔

  • تیسرا مرحلہ: اگر نامزد اے وی سی شہریوں کی موجودہ تحصیل سے باہر ہے تو شہری ایس ایم ایس موصول ہونے کے 5 دن کے اندر این آئی ایم ایس کی ویب پورٹل یا 1166 ہیلپ لائن پر کال کرکے اپنا اے وی سی تبدیل کرسکتا ہے۔

  • چوتھا مرحلہ: مقررہ ویکسین سینٹر پر ویکسین کی دستیابی پر اپائنمنٹ کی تاریخ سے قبل شہریوں کو ایس ایم ایس بھیجا جائے گا۔

  • پانچواں مرحلہ: کامیاب رجسٹریشن کے بعد شہری اپنا شناختی کارڈ اور موصول شدہ پن کوڈ (لازمی) کے ساتھ مقررہ تاریخ اور وقت پر اے وی سی آئیں گے۔

  • چھٹا مرحلہ: اے وی سی میں ویکسین اسٹاف شناختی کارڈ اور پن کوڈ کی تصدیق کرے گا۔

  • ساتواں مرحلہ: تصدیق کے بعد شہریوں کو ویکسین لگائی جائے گی اور انتظامیہ این آئی ایم ایس میں تفصیلات کا اندراج کرے گی اور شہری کو ایس ایم ایس کے ذریعے تصدیقی پیغام بھیجا جائے گا، مزید یہ ویکسین کے بعد 30 منٹ تک شہری کو نگرانی کے لیے وہاں موجود رہنا ہوگا۔

  • آٹھواں مرحلہ: اس طریقہ کار سے وفاقی، صوبائی اور ضلعی محکمہ صحت کیلئے ریئل ٹائم ڈیش بوڈ خود کار طریقے سے تیار ہوگا۔

خیال رہے کہ ملک میں گزشتہ کچھ روز سے کورونا وائرس کے کیسز میں ایک مرتبہ پھر اضافہ دیکھا جارہا ہے جس کے باعث تیسری لہر کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

ملک میں 7 مارچ تک مجموعی کیسز کی تعداد 5 لاکھ 90 ہزار 508 ہے تاہم اس میں سے 94.7 فیصد یعنی 5 لاکھ 59 ہزار 248 صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 13ہزار 205 ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024