• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

کم شرح سود سے آٹو سیکٹر کی شرح نمو میں تیزی

شائع May 18, 2021
مالی سال 2021 کے پہلے 10 ماہ میں گزشتہ سال کے مقابلے میں جیپس کی سب سے زیادہ 193 فیصد فروخت میں اضافہ ہوا۔ - فائل فوٹو:رائٹرز
مالی سال 2021 کے پہلے 10 ماہ میں گزشتہ سال کے مقابلے میں جیپس کی سب سے زیادہ 193 فیصد فروخت میں اضافہ ہوا۔ - فائل فوٹو:رائٹرز

کراچی: کم شرح سود کی حمایت سے آٹو سیکٹر نے رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں ایک مثبت کارکردگی کا مظاہرہ کیا جبکہ جیپس کی فروخت سب سے زیادہ 193 فیصد ہوئی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق مالی سال 2021 کے پہلے 10 ماہ میں ٹریکٹروں کی فروخت میں 62 فیصد اضافہ ہوا، اس کے بعد لائٹ کمرشل گاڑیوں (ایل سی ویز) میں 57.5 فیصد، کاروں میں 48.5 فیصد، دو اور تین پہیے والی گاڑیوں میں 34 فیصد، ٹرک میں 7.7 فیصد اور بسوں میں 5.6 فیصد اضافہ ہوا۔

کم شرح سود آٹو سیکٹر کی فروخت خاص طور پر کار، ایل سی وی اور پک اپ کی فروخت بڑھانے کی ایک اہم وجہ کے طور پر سامنے آئی ہے اور اس طرح اسمبلرز کی مجموعی فروخت میں آٹو فنانسنگ کا حصہ 40 سے 60 فیصد تک چلا گیا ہے۔

کاروں کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے صارفین کی قوت خرید میں کوئی خاص فرق نہیں دیکھا گیا جو گاڑیوں کی فراہمی میں زیادہ دلچسپی رکھتے تھے۔

اس کے بجائے شورومز پر اسپاٹ سیل پر گاڑیوں کی دیر سے فراہمی اور اونچے پریمیم خریداروں کی پریشانی کا سبب رہے۔

دریں اثنا اگست 2020 سے لے کر اب تک ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بہتری کے باوجود اسمبلرز گزشتہ 10 ماہ میں صارفین کے لیے قیمتوں میں کوئی ریلیف نہیں لا سکے ہیں۔

پاکستان آٹوموٹو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پاما) کے اعداد و شمار کے مطابق 10 ماہ کے دوران کاروں کی مجموعی فروخت ایک لاکھ 26 ہزار 679 یونٹ ہوگئی جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 85 ہزار 330 یونٹ تھی۔

تاہم رمضان کے دوران 14 اپریل سے فیکٹری اور دفتری اوقات محدود ہونے کی وجہ سے اپریل میں کاروں کی مجموعی فروخت مارچ کے 17 ہزار 105 یونٹس سے کم ہوکر 14 ہزار 435 یونٹ ہوگئی۔

اپریل 2020 میں ملک بھر میں کورونا وائرس کی وجہ سے نافذ کیے گئے لاک ڈاؤن کے باعث گاڑیوں کی پیداوار اور فروخت نہیں ہوئی تھی۔

ہونڈا سوک اور سٹی کی فروخت میں 74 فیصد اضافے ہوا جو 20 ہزار 869 یونٹس فروخت ہوئیں۔

سوزوکی سوئفٹ کی فروخت رواں مالی سال کے 10 ماہ میں 34 فیصد اضافے سے 2 ہزار 77 یونٹ ہوگئی۔

ٹویوٹا کرولا کی فروخت 14 ہزار 979 یونٹ رہی جو 29 فیصد کی کمی ظاہر کرتی ہے۔

سوزوکی کلٹس اور سوزوکی ویگن آر کی فروخت میں بالترتیب 27 فیصد اور 68 فیصد اضافہ ہوا جو 13 ہزار 420 اور 10 ہزار 314 یونٹس فروخت ہوئے۔

دہائیوں پرانی گاڑی سوزوکی بولان کی فروخت میں 62 فیصد نمو دیکھی گئی جس کے 7 ہزار 245 یونٹس فروخت ہوئے۔

سوزوکی آلٹو 660 سی سی کی فروخت میں 19 فیصد اضافہ دیکھا گیا جو 33 ہزار 129 یونٹس فروخت ہوئی۔

رکشہ، موٹرسائیکل کی مانگ میں اضافہ

اٹلس ہونڈا لمیٹڈ (اے ایچ ایل) کی موٹرسائیکلوں کی فروخت 39 فیصد بڑھ کر رواں مالی سال کے 10 ماہ میں 10 لاکھ 76 ہزار یونٹس رہی جبکہ سوزوکی اور یاماہا نے 19 ہزار 973 اور 18 ہزار 375 یونٹس فروخت کیے۔

3 پہیوں والی چنگچی اور سازگار کی فروخت میں بالتریب 47 فیصد اور 35 فیصد اضافہ ہوا جس کے 15 ہزار 803 اور 12 ہزار 811 یونٹس فروخت ہوئے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024