• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

بھارت سے مدد لینے کا بیان، مسلم لیگ (ن) نے اسمٰعیل گجر کو شوکاز نوٹس جاری کردیا

شائع July 26, 2021
شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ جواب جمع نہ کرانے پر اسمٰعیل گجر کے خلاف سخت ڈسپلنری ایکشن لیا جائے گا — فوٹو: ڈان نیوز
شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ جواب جمع نہ کرانے پر اسمٰعیل گجر کے خلاف سخت ڈسپلنری ایکشن لیا جائے گا — فوٹو: ڈان نیوز

مسلم لیگ (ن) نے آزاد کشمیر انتخابات کے لیے ایل اے 35 سے پارٹی اُمیدوار اسمٰعیل گجر کو بھارت سے مدد لینے کے بیان پر اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کردیا۔

مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال کی جانب سے اسمٰعیل گجر کو جاری اظہار وجوہ کے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ 'آپ نے انتخابات کے لیے بھارت سے مدد لینے کا غیر ذمہ دارانہ بیان دیا'۔

نوٹس میں اسمٰعیل گجر کو 7 دنوں میں بیان پر جواب جمع کرانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ جواب جمع نہ کرانے پر ان کے خلاف سخت ڈسپلنری ایکشن لیا جائے گا۔

واضح رہے کہ اسمٰعیل گجر نے گزشتہ روز آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات کے لیے پولنگ کے دوران میڈیا سے گفتگو میں پولیس پر مسلم لیگ (ن) کا پولنگ کیمپ اکھاڑنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ 'اگر پرامن پولنگ نہ چلنے دی گئی تو میں بھارت کو پکاروں گا'۔

یہ بھی دیکھیں: اگر پرامن پولنگ نہ چلنے دی گئی تو میں بھارت کو پکاروں گا، اسمعٰیل گجر

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں کہا کہ 'احسن اقبال نے بھارت سے مدد مانگنے کے بیان پر ایک سیاسی یتیم کو نوٹس دیا ہے جو اچھی بات ہے، لیکن کیا ہی اچھا ہو مسلم لیگ (ن) کی مجلس عاملہ نواز شریف کو حمداللہ محب جیسے پاکستان دشمن اور بھارت کے پروردہ شخص سے ملاقات پر نوٹس جاری کرے اور ان سے باز پرس کرے؟'

خیال رہے کہ چند روز قبل پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف سے افغانستان کے قومی سلامتی کے مشیر حمد اللہ محب نے لندن میں ملاقات کی تھی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے افغانستان کے قومی سلامتی کونسل کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس ملاقات کے بارے میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ 'نواز شریف کو پاکستان سے باہر بھیجنا اس لیے خطرناک تھا کہ ایسے لوگ بین الاقوامی سازشوں میں مددگار بن جاتے ہیں'۔

مزید پڑھیں: 'ہر پاکستان دشمن سے ان کی دوستی ہے'، افغان رہنما سے نواز شریف کی ملاقات پر حکومتی وزرا کی تنقید

ان کا کہنا تھا کہ 'نواز شریف کی افغانستان میں بھارتی خفیہ ایجنسی 'را' کے سب سے بڑے حلیف حمداللہ محب سے ملاقات ایسی ہی کارروائی کی مثال ہے'۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ 'نریندر مودی، محب یا امراللہ صالح، ہر پاکستان دشمن نواز شریف کا قریبی دوست ہے'۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024