• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm

کورونا کیسز میں اضافہ، کراچی میں شرح 22 فیصد سے تجاوز کرگئی

این آئی ایچ کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 2.85 فی صد رہی — فائل فوٹو: رائٹرز
این آئی ایچ کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 2.85 فی صد رہی — فائل فوٹو: رائٹرز

پاکستان میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ کراچی میں مہلک وائرس کی مثبت شرح 22.65 فیصد ریکارڈ کی گئی جو کہ ملک میں سب سے زیادہ ہے۔

قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) کے جاری کردہ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 2.85 فیصد رہی، کورونا کے باعث 2 افراد انتقال کر گئے۔

این آئی ایچ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 382 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ انتہائی نگہداشت میں زیر علاج کورونا کے مریضوں کی تعداد 87 تک پہنچ گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کیسز میں اضافہ، کراچی میں شرح 22 فیصد کے قریب پہنچ

قومی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 13 ہزار 412 ٹیسٹ کیے گئے۔

صوبوں اور مختلف شہروں میں کورونا مثبت کیسز کی شرح

سندھ: 6.17 فیصد

خیبرپختونخوا: 1.15 فیصد

پنجاب: 1.17 فیصد

آزاد کشمیر : 2.94 فیصد

کراچی: 22.65 فیصد

حیدر آباد: 0.32 فیصد

مردان: 2.44 فیصد

اسلام آباد:2.31 فیصد

لاہور: 2.76 فیصد

پشاور: 3 فیصد

راولپنڈی: 1.05 فیصد

سرگودھا: 1.64 فیصد

مظفر آباد: 6.25 فیصد

ایبٹ آباد: 4.17 فیصد

نوشہرہ: 5 فیصد

دوران سفر ماسک پہننا دوبارہ لازمی قرار

قومی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ کچھ شہروں میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے بعد نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے اندرون ملک چلنے والی تمام پروازوں اور ٹرینوں سمیت پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کے دوران ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا ہے۔

این آئی ایچ نے مزید کہا کہ تمام شہریوں سے گزارش ہے کہ سفر کے دوران چہرے پر ماسک پہنیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے باعث اندرون ملک پروازوں پر سفر کے دوران مسافروں کے لیے ماسک پہننا دوبارہ لازمی کردیا گیا۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے اپنے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں تمام متعلقہ شعبوں اور محکموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ماسک پہننے سے متعلق نئے حکم نامے کی تعمیل کو یقینی بنائیں۔

مزید پڑھیں: کراچی میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 21 فیصد سے متجاوز

سی اے اے نے مزید کہا ہے کہ اندرون ملک ہوائی سفر سے متعلق کورونا وائرس سے متعلق اصول و ضوابط اور گائیڈ لائنز میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

ماہرین کا بوسٹر شاٹس لگوانے پر زور

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ملک میں کورونا کیسز کی تعداد میں اضافے کے بعد ماہرین صحت نے عوام پر پر زور دیا ہے کہ وہ بوسٹر ڈوز لگوائیں۔

کووڈ 19 کے لیے سندھ کی فوکل پرسن ڈاکٹر ثمرین اشرف قریشی نے ڈان کو بتایا کہ عام لوگ کورونا وائرس کے حوالے سے انتباہ کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے اور کورونا کی نئی اقسام سے متاثر ہونے کے زیادہ امکانات کے باوجود خاص طور پر کراچی اور حیدر آباد میں کیسز میں تیزی سے اضافے کے باوجود بوسٹر شاٹس کا ٹرن اوور کم ہے۔

یہ بھی پڑھیں: طبی ماہرین نے کورونا وائرس کی چھٹی لہر کے خطرے سے خبردار کردیا

انہوں نے کہا کہ صوبے میں تمام نامزد ویکسی نیشن مراکز فعال ہیں جہاں لوگ مفت بوسٹر شاٹس لگوا سکتے ہیں جبکہ 5 ماہ بعد ایک بوسٹر شاٹ لگوایا جا سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں کووڈ 19 ویکسی نیشن کے اہم مراکز میں جناح پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل سینٹر، ڈاکٹر روتھ فاؤ سول ہسپتال کراچی، ڈاؤ یونیورسٹی ہسپتال اوجھا کیمپس، نارتھ ناظم آباد میں چلڈرن ہسپتال اور ملیر میں ٹھڈو نالو سینٹر شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024