• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

بلوچستان: مغوی کی بازیابی کیلئے کیے گئے آپریشن میں حوالدار شہید، 9 دہشتگرد ہلاک

شائع July 16, 2022
زیارت میں کلیئرنس آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم بلوچ لبریشن آرمی کے 5 دہشت گرد مارے گئے— فائل فوٹو: اے ایف پی
زیارت میں کلیئرنس آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم بلوچ لبریشن آرمی کے 5 دہشت گرد مارے گئے— فائل فوٹو: اے ایف پی

بلوچستان کے ضلع زیارت میں لیفٹننٹ کرنل لائق بیگ مرزا کے قتل اور ان کے ساتھی کے اغوا میں ملوث دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کے کلیئرنس آپریشن کے دوران ایک سپاہی شہید اور 9 دہشت گرد مارے گئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ زیارت کے علاقے میں جاری ریکوری آپریشن کے دوران 14 اور 15 جولائی کی درمیانی شب خلیفہ کے پہاڑوں میں خوست کے قریب سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کی نشاندہی کی اور اسے کلیئر کر دیا۔

تاہم لیفٹننٹ کرنل لائق بیگ مرزا کے کزن عمر جاوید تاحال بازیاب نہ ہوسکے، جو کوئٹہ جاتے ہوئے ان کے ساتھ اغوا کرلیے گئے تھے۔

مزید پڑھیں: بلوچستان: زیارت سے دو روز قبل اغوا کیے گئے فوجی افسر کی لاش برآمد

گھیرے میں لیے جانے کے بعد دہشت گردوں نے فوجی دستوں کو قریب آتے دیکھ کر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں حوالدار خان محمد شہید ہو گئے۔

بعدازاں کلیئرنس آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے 5 دہشت گرد مارے گئے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز نے بعدازاں زیارت نالہ کے قریب دہشت گردوں کے ایک اور گروپ کا سراغ لگایا اور ان میں سے 4 کو ہلاک کر دیا جبکہ باقی دہشت گرد موسلا دھار بارش اور اندھیرے کی آڑ میں فرار ہونے میں کامیاب رہے۔

حکام نے بتایا کہ 9 دہشت گردوں کی لاشیں مزید قانونی کارروائی کے لیے سول انتظامیہ کے حوالے کی جا رہی ہیں۔

مزید پڑھیں: بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 4 دہشت گرد مارے گئے

واضح رہے کہ ڈی ایچ اے کوئٹہ میں تعینات لیفٹیننٹ کرنل مرزا زیارت میں قائد اعظم ریذیڈنسی کا دورہ کرنے گئے تھے، وہاں سے واپسی پر 10 سے 12 مسلح افراد نے ان کی گاڑی کو روکا اور دونوں افراد کو اغوا کر لیا تھا۔

لیفٹننٹ کرنل لائق بیگ مرزا کو منگل کی شب زیارت کے علاقے وارچوم سے ان کے کزن عمر جاوید کے ہمراہ اس وقت اغوا کیا گیا تھا جب وہ اپنے اہلخانہ کے ساتھ کوئٹہ واپس جارہے تھے۔

13 اور 14 جولائی کی درمیانی شب سرچ آپریشن کے دوران فورسز کو قریب آتے دیکھ کر عسکریت پسندوں نے لیفٹیننٹ کرنل مرزا کے سر میں گولی مار دی اور مغوی عمر کے ہمراہ فرار ہونے کی کوشش کی۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں سیکیورٹی آپریشن کے دوران ایف سی کا جوان شہید

فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے لیکن باقی عسکریت پسند دوسرے مغوی عمر جاوید کے ساتھ فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔

خبررساں ادارے 'اے پی پی' کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے شہید لیفٹیننٹ کرنل لائق بیگ کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔

انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ شہید لیفٹیننٹ کرنل لائق بیگ کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی اور قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں مادر وطن کے لیے پاک فوج کے افسران اور جوان عظیم قربانیاں دے رہے ہیں، قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024