• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm

پی ٹی آئی کا 13 اگست کو اسلام آباد کے بجائے لاہور میں جلسے کا اعلان

شائع August 8, 2022
پی ٹی آئی نے کہا کہ لاہور میں جلسے کا فیصلہ پارٹی کے اجلاس میں کیا گیا—فائل/فوٹو: اے ایف پی
پی ٹی آئی نے کہا کہ لاہور میں جلسے کا فیصلہ پارٹی کے اجلاس میں کیا گیا—فائل/فوٹو: اے ایف پی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 13 اگست کو جلسہ پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد کے بجائے لاہور کے ہاکی گراؤنڈ میں کرنے کا اعلان کردیا۔

پی ٹی آئی کے فوکل پرسن اظہر مشوانی نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ ’13 اگست کو لاہور میں جلسے کا فیصلہ چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا’۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کا 13 اگست کو پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد میں جلسے کا اعلان

انہوں نے کہا کہ ‘13 اور 14 اگست کی درمیانی رات پاکستان تحریک انصاف اور لاہور کے غیور پاکستانی مل کر ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں 75واں یوم آزادی شایان شان طریقے سے منائیں گے’۔

ان کا کہنا تھا کہ لاہور کے جلسے میں سابق وزیراعظم عمران خان خصوصی طور پر شرکت اور خطاب کریں گے۔

دوسری جانب بنی گالا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما عمر ایوب خان نے کہا کہ عمران خان کے 13 اگست کے جلسے کا آخری مقام لاہور کے ہاکی اسٹیڈیم میں ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ یہاں ہم کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں جلسہ کرنا چاہتے تھے اور ہم چند اراکین وہاں گئے تو پتہ چلا کہ پچ پر کیوریٹر آچکے ہیں اور بین الاقوامی کھلاڑی بھی آنے والے ہیں اور انہوں نے مشورہ دیا کہ آیا جلسہ کرنا مناسب نہیں ہے۔

عمر ایوب نے کہا کہ اس کے بعد ہم نے لیاقت باغ کا دورہ کیا جہاں پودے لگائے گئے ہیں، جس کی وجہ سے جگہ چھپ جاتی ہے اور پھر عمارتیں بھی بنائی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد میں پچھلی دفعہ بھی ہمیں عین وقت پر جلسے کی اجازت ملی اور اب پتہ چلا کہ شاید تحریک لبیک یہاں آنا چاہتی ہے تو اس کی وجہ سے اجازت کا مسئلہ بن رہا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: جی ایچ کیو نے پی ٹی آئی کو پریڈ گراؤنڈ میں جلسے کی اجازت دے دی

ان کا کہنا تھا کہ اسی لیے ہم نے یہی بہتر سمجھا کہ سب بہترین جگہ لاہور ہے اور یہاں پر پارٹی چیئرمین عمران خان اپنا اگلا لائحہ عمل پیش کریں گے اور لوگ بھی جوق درجوق آئیں گے 75 واں جشن آزادی بھی وہی منائیں گے۔

قبل ازیں فیصل آباد میں پریس کانفرنس میں وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنااللہ نے کہا تھا کہ وہ لیاقت باغ میں کریں یا اسلام آباد میں دو جگہیں پریڈ گراؤنڈ اور ایف 9 میں جلسہ یا احتجاج کرنے کے لیے جگہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے باقاعدہ اجازت دی ہے یا مختص کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں اگر ان جگہوں پر جلسہ یا احتجاج کرنا چاہتی ہیں تو کریں لیکن اس کے لیے پہلے قواعد پر دستخط کرنا ہوگا اور اس پر عمل کرنا پڑے گا اور آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر ٹی ایل پی، پی ٹی آئی یا کوئی اور احتجاج کرنا چاہیے کریں۔

انہوں نے کہا تھا کہ چوکوں میں، راستے بند کرنا اور شہریوں کو اذیت دینے کے خلاف ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ دونوں کا حکم بھی ہے اور حکومت کا عزم بھی ہے کہ ایسی کسی سرگرمی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

یاد رہے کہ دو روز قبل پی ٹی آئی نے 13 اگست کو اسلام آباد میں ریلی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ پی ٹی آئی 13 اگست کو اسلام آباد پریڈ گراؤنڈ میں بھرپور عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔

پی ٹی آئی کے ٹوئٹر اکاونٹ سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ‘پی ٹی آئی 13اگست کو اسلام آباد پریڈ گراؤنڈ میں بھرپور عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی، کارکنان 14 اگست کا جشن بھی جلسہ گاہ میں منائیں گے’۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024