• KHI: Maghrib 6:13pm Isha 7:28pm
  • LHR: Maghrib 5:40pm Isha 7:01pm
  • ISB: Maghrib 5:44pm Isha 7:07pm
  • KHI: Maghrib 6:13pm Isha 7:28pm
  • LHR: Maghrib 5:40pm Isha 7:01pm
  • ISB: Maghrib 5:44pm Isha 7:07pm

فواد خان اور صنم سعید کی ’برزخ ’ فرانس میں نمائش کے لیے منتخب

شائع February 9, 2023
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

پاکستانی کے معروف اداکار فواد خان اور صنم سعید کی ویب سیریز ’برزخ ’ مارچ 2023 میں فرانس میں ہونے والے سیریز مینیا فلم فیسٹیول میں پیش کی جائے گی۔

یہ فلم وقاص حسن اور شیلجا کیجریوال نے پروڈیوس کی ہے۔

فرانس میں ہونے والے اس فلم فیسٹیول میں بھارتی اسٹریمنگ پلیٹ فارم زندگی اوریجنل کی سیریز ’برزخ‘ وہ واحد ویب سیریز ہے جسے ساؤتھ ایشیا سے منتخب کیا گیا ہے تاہم سیریز کی ریلیز کی تاریخ تا حال سامنے نہیں آئی ہے۔

فلمساز عاصم عباسی کی اگلی فلم ’برزخ‘ سے ناظرین کو بہت سی توقعات وابستہ ہیں، ناظرین کے لیے اس فلم کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں ماضی کے مقبول ڈراما ’زندگی گلزار ہے‘ کے سُپر ہٹ جوڑے فواد خان اور صنم سعید مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فواد خان اس سیریز میں تنہا والد کے روپ میں نظر آئیں گے جبکہ صنم سعید ایک پوشیدہ اور پراسرار لیکن ہمدر کردار ادا کرتے نظر آئیں گی۔

اس ویب سیریز کو بہترین سیریز، بہترین ہدایت کار، بہترین اداکارہ، بہترین اداکار کے ساتھ ساتھ اسٹوڈنٹ جیوری ایوارڈ کے لیے بھی نامزد کیا گیا ہے۔

’برزخ‘ کی کہانی کیا ہے؟

ہدایت کار عاصم عباسی نے ایک بیان میں کہا کہ برزخ ایک فیملی ڈراما ہے، کہانی سپر نیچرل کرداروں کے گرد گھومتی ہے۔

انہوں نے تٖفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ’کہانی کی ابتدا ذاتی نقصان اور اس کے ساتھ آنے والے خوف سے ہوتی ہے، سیریز مینیا میں برزخ کا انتخاب ہم سب کے لیے ایک بہت اہم ہے، اس لیے نہیں کہ یہ میرے دل کے بہت قریب ہے بلکہ یہ کہانی ہمارے مضبوط یقین کی عکاسی کرتی ہے۔

وارئٹی کو انٹرویو دیتے ہوئے عاصم عباسی نے کہا کہ انسان ہونے کا کیا مطلب ہے؟ روح ہونےکا کیا مطلب ہے؟ دائمی حالت میں امید اور خوشی کیسے حاصل ہوتی ہے؟ ان خدشات کا تذکرہ ویب سیریز برزخ میں کیا گیا ہے۔

سیریز کی عکس بندی پاکستان کے مقبول سیاحتی مقام ہنزہ اور اور کراچی شہر میں کی گئی ہے۔

عاصم عباسی کا کہنا تھا کہ برزخ’ ان کی ذات سے بے حد قریب ہے، ان کے بقول ’اپنے والد کے انتقال کے بعد میں نے اپنے بیٹے کو پروان چڑھتے دیکھا جس کے بعد میرے ذہن میں پرانی یادیں آئیں کہ گزرتے وقت کے ساتھ یادیں اور محبتیں کہیں کھو گئیں۔‘

شائلجہ کیجروال کے مطابق ’ برزخ ’کی کہانی کرونا کے وقتوں کا نتیجہ ہے جب وہ اور عاصم زندگی، محبت، موت اور اپنوں کو کھو دینے سے متعلق بات کیا کرتے تھے۔

—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

واضح رہے کہ فواد خان اور صنم سعید کی ماضی کے مقبول ڈرامے ’زندگی گلزار ہے‘ میں جوڑی کو کافی سراہا گیا تھا اور مذکورہ ڈرامے کو بھارت میں بھی خوب پسند کیا گیا تھا۔

فواد خان بھارت میں ’اے دل ہے مشکل اور کپور اینڈ سنز‘ جیسی فلموں میں کام کر چکے ہیں اور وہاں ان کے لاکھوں مداح ہیں۔

جب کہ صنم سعید بھی ویب سیریز ’قاتل حسیناؤں کے نام‘ میں کام کرچکی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 7 اکتوبر 2024
کارٹون : 6 اکتوبر 2024