• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

9 مئی کے واقعات:عامر محمود کیانی کا پی ٹی آئی و سیاست چھوڑنے کا اعلان

شائع May 17, 2023
عامر محمود کیانی نے پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کیا — فوٹو: ڈان نیوز
عامر محمود کیانی نے پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کیا — فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ایڈیشنل سیکریٹری عامر محمود کیانی نے پارٹی اور سیاست چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عامر محمود کیانی نے کہا کہ انتہائی مایوسی کی بات ہے کہ جس سفر پر میں نے 27 برس مکمل کیے، حالیہ واقعات ہونے کی وجہ سے اب مجھے سیاست سے دستبردار ہونا پڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں پی ٹی آئی کی بات نہیں کر رہا لیکن میں سیاست سے دستبردار ہونے کی بات کر رہا ہوں کیونکہ میں اس قسم کی سیاست کا حصہ نہیں بن سکتا کہ کل پاکستان پر کوئی آنچ آئے تو میں بھی اس فہرست میں شامل ہوں۔

عامر کیانی نے کہا کہ میرا اس بات پر یقین ہے کہ پاکستان کی بقا اس کے ادارے ہیں جن کو مزید بہتر ہونا چاہیے، جب بھی مشکل آئی ہے ان اداروں نے اپنی زندگیاں دی ہیں، کیا اس دور میں کوئی کم تنخواہ پر اپنی جان دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ سیاسی لڑائی لڑیں لیکن یہ بدنصیبی ہے کہ کوئی بھی پارٹی اداروں کے ساتھ ایسا کرے، خلاف ورزی ملک کی سالمیت اور بقا پر حملہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم بھی چاہتے ہیں کہ سیاسی جماعتیں ادارہ بنیں لیکن بدقسمتی سے کوئی بھی سیاسی جماعت ادارہ نہیں بن سکتی، ادارے بنائیں تو آپ کو ان کی قدر ہو۔

انہوں نے کہا کہ ان وجوہات کی بنیاد پر میں پی ٹی آئی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے رہا ہوں اور سیاست سے دستبردار ہونے کا اعلان کر رہا ہوں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی سے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی محمود مولوی نے بھی پارٹی چھوڑنے اور اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا تھا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی سندھ کے نائب صدر محمود مولوی نے کہا تھا کہ میں اعلان کر رہا ہوں کہ میں پارٹی چھوڑ رہا ہوں اور قومی اسمبلی کی رکنیت سے بھی استعفیٰ دے رہا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے عمران خان نے ٹکٹ دیا تھا اور پارٹی نے بڑی عزت دی، پارٹی چھوڑنے کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ میں اپنی افواج کے خلاف زندگی میں کبھی گیا ہوں نہ جاؤں گا۔

رکن سندھ اسمبلی سنجے گنگوانی کا سیاست چھوڑنے کا اعلان

پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی سنجے گنگوانی نے پارٹی اور سیاست چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سنجے گنگوانی نے کہا کہ 9 مئی کو جو واقعات ہوئے ہیں، کور کمانڈر کے گھر، یادگار اور ایم ایم عالم کا جہاز جلایا گیا پولیس کی گاڑیوں، بسوں اور ایمبولینس کو آگ لگائی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ ان واقعات کی مجھ سمیت پورا پاکستانی پرزور مذمت کرتا ہے، پاک فوج کی وجہ سے ہم رات کو سکون کی نیند سوتے ہیں، سیاست میں اس طرح کے واقعات ہوتے ہیں میں پارٹی کیا سیاست چھوڑنے کا اعلان کرتا ہوں۔

رکن صوبائی اسمبلی کریم گبول کا بھی علیحدگی کا اعلان

پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی کریم بخش گبول نے صوبائی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جی ایچ کیو پر حملہ ہوا، خاص طور پر کور کمانڈر ہاؤس محمد علی جناح کے گھر پر حملہ ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں جب پی ٹی آئی میں گیا تھا تو میرا مقصد یہ نہیں تھا اور میں نے آج سے بہت پہلے یہ دیکھا اور سمجھا تھا، پونے دو سال پہلے اس وقت کے اپوزیشن لیڈر کو اپنا استعفیٰ لکھ کر دے دیا تھا کہ میری پی ٹی آئی کی رکنیت معطل کردی جائے۔

انہوں نے کہا کہ میں کبھی بھی اس تنظیم کا حصہ تھا اور نہ ہی حصہ رہوں گا۔

واضح رہے کہ 9 مئی کو پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان 7 مقدمات میں ضمانت کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچے تھے جہاں سے قومی احتساب بیورو کی جانب سے رینجرز نے ان کو القادر ٹرسٹ کیس میں حراست میں لے لیا تھا جس کے بعد پی ٹی آئی نے ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا تھا۔

عمران خان کی گرفتاری پر تحریک انصاف کے کارکنان ملک کے مختلف علاقوں میں سڑکوں پر نکل آئے اور مشتعل افراد نے جی ایچ کیو، کور کمانڈر ہاؤس لاہور، ریڈیو پاکستان سمیت دیگر سرکاری و نجی املاک اور قومی تنصیبات میں توڑ پھوڑ کرتے ہوئے نذر آتش کردیا تھا جبکہ ایدھی ایمبولنس، پیپلز بس سروس سمیت پولیس اور رینجرز کی گاڑیوں کو بھی جلایا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024