• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

پی ٹی آئی کی خواتین کارکنان رہائی کے فوراً بعد دوبارہ گرفتار

شائع September 26, 2023
عدالت نے گزشتہ ہفتے جناح ہاؤس حملہ کیس کے سلسلے میں خواتین سمیت پی ٹی آئی کے 9 افراد کو رہا کرنے کا حکم دیا تھا— فائل فوٹو: رائٹرز
عدالت نے گزشتہ ہفتے جناح ہاؤس حملہ کیس کے سلسلے میں خواتین سمیت پی ٹی آئی کے 9 افراد کو رہا کرنے کا حکم دیا تھا— فائل فوٹو: رائٹرز

انویسٹی گیشن پولیس لاہور نے صنم جاوید اور شاہ بانو سمیت پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والی خواتین کارکنان کو کوٹ لکھپت جیل سے رہائی کے فوری بعد دوبارہ گرفتار کرلیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) لاہور نے گزشتہ ہفتے جناح ہاؤس حملہ کیس کے سلسلے میں خواتین سمیت پی ٹی آئی کے 9 افراد کو رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

یہ فیصلہ رواں سال کے اوائل میں پیش آنے والے واقعے پر قانونی کارروائی کے بعد سامنے آیا ہے۔

جن دیگر افراد کی ضمانتیں ہوئی تھیں ان میں روبینہ جمیل، افشاں طارق، عشمہ شجاع، فیصل اختر، قاسم، علی حسن اور حسن قادری شامل تھے۔

عدالت نے ان تمام افراد کی ضمانتیں 10 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے کے عوض منظور کرتے ہوئے ان کی رہائی کی راہ ہموار کی تھی۔

ایک پولیس اہلکار نے ڈان کو تصدیق کی کہ انویسٹی گیشن پولیس نے صنم جاوید، شاہ بانو، افشاں طارق اور عشمہ شجاع کو رہا ہونے کے فوری بعد کوٹ لکھپت جیل کے باہر سے دوبارہ گرفتار کر لیا۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کو 9 مئی کے حملے سے متعلق ایک اور کیس میں گرفتار کیا گیا جو سرور روڈ پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا تھا۔

پولیس اہلکار نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کو مزید تفتیش کے لیے تھانے منتقل کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں پی ٹی آئی کی سابق ایم این اے روبینہ جمیل اور دیگر 8 افراد کی بعد از گرفتاری ضمانت منظور جبکہ سابق ایم این اے عالیہ حمزہ، سابق آرمی چیف کی نواسی خدیجہ شاہ، سامعہ اسد اور روبینہ خان سمیت 39 ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں خارج کر دی تھیں۔

اس کے علاوہ انسداد دہشت گردی کی ایک اور عدالت نے 9 مئی سے متعلق دو مقدمات میں پی ٹی آئی کے سینیٹر اعجاز چوہدری اور سابق صوبائی وزیر میاں محمود الرشید کا مزید جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا مسترد کردی تھی۔

نصیر آباد پولیس نے کلمہ چوک پر کنٹینر اور ماڈل ٹاؤن میں مسلم لیگ (ن) کے پارٹی دفاتر کو نذرآتش کرنے کے کیس میں دونوں رہنماؤں کو عدالت میں پیش کر کے مزید تحویل کی استدعا کی تھی۔

جج عبہر گل خان نے پولیس کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا، جج نے پولیس کو ہدایت کی تھی کہ ملزمان کو 7 اکتوبر کو دوبارہ پیش کیا جائے۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024