• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

اسٹیڈیم میں رضوان اور عبداللہ کیلئے نعرے، بھارتی کرکٹرز بھی معترف

شائع October 11, 2023
—فائل فوٹو: ٹوئٹر
—فائل فوٹو: ٹوئٹر

قومی کرکٹ ٹیم نے مداحوں کے دل جیت لیے، کھلاڑیوں نے آج وہ کردکھایا جس کی عموماً شائقین کو توقع نہیں ہوتی، کرکٹ ورلڈ کپ کی تاریخ کا سب سے بڑا ہدف (کا تعاقب) مکمل کر کے تاریخ رقم کر دی جس کے بعد پاکستانی سمیت بھارتی کرکٹرز بھی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔

گزشتہ روز بھارت کے شہر حیدر آباد دکن کے راجیو گاندھی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے پہاڑ جیسا ٹارگٹ دیا تو ابتدائی طور پر شائقین کو امید نہیں تھی کہ قومی ٹیم رنز کا تعاقب کر پائے گی۔

اس کی دو وجوہات تھیں، پہلی وجہ یہ ہے کہ پاکستان کی بیٹنگ کے آغاز میں ہی بابر اعظم اور امام الحق کی وکٹیں گر گئی تھیں، دوسری وجہ یہ تھی کہ پاکستان نے آج تک ورلڈ کپ مقابلوں میں کبھی 265 رنز سے زیادہ کے ہدف کا تعاقب نہیں کیا تھا۔

تاہم کچھ شائقین اپنے دل کو یہ تسلی دے رہے تھے کہ ’یہ ٹیم کچھ بھی کرسکتی ہے‘، یا شاید ’قدرت کا نظام‘ پاکستان کی تائید کر لے، اور ایسا ہی ہوا۔

انتہائی اطمینان لیکن جارحانہ انداز سے کھیلنے والے عبداللہ شفیق (113 رنز) اور 8 چوکے اور 3 چھکوں کے ساتھ پراعتماد انداز میں کھیلنے والے محمد رضوان (131 رنز) کی شاندار شراکت ٹیم کو فتح کی جانب لے گئی اور یوں پاکستان نے ورلڈ کپ میں دوسرا میچ بھی جیت لیا۔

میچ کے دوران ’جیتے گا بھئی جیتے گاپاکستان جیتے گا‘ کے نعرے لگ گئے

میچ کے دوران اسٹیڈیم میں موجود شائقین نے ’ جیتے گا بھئی جیتے گا پاکستان جیتے گا’ کے نعرے بھی لگائے۔

ایک صارف نے لکھا کہ ’میچ کے دوران محمد رضوان ٹانگ میں درد ہونے کے باوجود بیٹنگ کررہے ہیں اور اسٹیڈیم میں پورا ہجوم انہیں سپورٹ کررہا ہے، اور انہیں اپنا گھر جیسا محسوس کروا رہے ہیں۔‘

سابق بھارتی کھلاڑی بھی رضوان اور عبداللہ شفیق کے معترف

عبداللہ شفیق اور محمد رضوان کی شاندار سنچریوں کی بدولت پاکستان کی کامیابی پر پاکستانی سمیت سابق بھارتی کرکٹر بھی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے اور دونوں کھلاڑیوں کی اننگز کو خوب سراہا۔

سابق بھارتی کرکٹر عرفان پٹھان نے سماجی پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ رضوان نے 50 اوورز کی شاندار سنچری بنائی، وہ پاکستانی ٹیم میں اسپن باؤلنگ کو کھیلنے والے بہترین بیٹر ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ عبداللہ شفیق پہلی گیند سے مطمئن لگ رہے تھے، انہوں نے ورلڈکپ کے دباؤ کو آسانی کے ساتھ سنبھالا۔

سابق بھارتی کرکٹر محمد کیف نے لکھا کہ کرکٹ میں بلے بازی کا مطلب آپ بہتر وقت میں بہترین شاٹس کھیلیں اور باؤلرز کے اٹیک کو سمجھیں، رضوان نے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں ایک سوچی سمجھی اننگز کھیلی، وہ ایک قابل اعتماد کھلاڑی ہے جو اپنی ٹیم کو مسلسل سپورٹ کرتے ہے۔

سابق بھارتی بلے باز وریندر سہواگ نے لکھا کہ کیا پھینٹا لگایا، ورلڈکپ میں سب سے بڑا ہدف کامیابی سے حاصل کرلیا، 2 وکٹیں گرنے کے بعد پاکستان نے بہترین کھیلا، عبداللہ شفیق نے اطمینان کے ساتھ خوبصورت اننگ کھیلی اور رضوان نے ثابت کیا کہ وہ اس قدر قابل اعتبار کیوں ہے۔

سابق بھارتی کرکٹ سنجے منجریکر نے لکھا کہ جب رضوان کو ٹانگوں میں درد شروع ہوا تو سری لنکا کو لگا کہ پاکستان ٹیم میں مشکل میں آگئی ہے۔

انہوں نے پاکستان ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کیا۔

اس کے علاوہ پاکستان کے سابق کھلاڑیوں نے بھی ٹیم کو خوب داد دی۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے لکھا کہ سری لنکا کےخلاف ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے بڑا ہدف حاصل کرنا، پھر عبداللہ اور رضوان کے کریئر کی بہترین اننگز، اس کے علاوہ جیت میں حسن علی کی شاندار بولنگ ، شاباش لڑکوں البتہ بولنگ میں بہتری کی ضرورت ہے۔

میچ کے بعد قومی کھلاڑیوں کی گراؤنڈ اسٹاف کیساتھ تصاویر

سری لنکا کے خلاف شاندار جیت کے بعد قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے اسٹیڈیم کے گراؤنڈ اسٹاف کے ساتھ تصاویریں بھی بنوائیں۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری تصاویر اور ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کپتان بابراعظم نےگراؤنڈ اسٹاف کو پاکستان ٹیم کی جرسی تحفے میں دے رہے ہیں اور اس کے علاوہ محمد رضوان سمیت دیگر کھلاڑی تصاویر بنوا رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024