• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

انتخابات 2024: ریٹرننگ اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی ٹریننگ دوبارہ شروع

شائع December 17, 2023
یہ ٹریننگ ملک بھر میں ڈویژنل سطح پر کرائی جا رہی ہے— فوٹو: ایکس/ترجمان ای سی پی
یہ ٹریننگ ملک بھر میں ڈویژنل سطح پر کرائی جا رہی ہے— فوٹو: ایکس/ترجمان ای سی پی

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے 8 فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے ملک بھر میں ریٹرننگ افسران اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی ٹریننگ دوبارہ شروع کردی۔

ترجمان الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق الیکشن کمیشن کے سینیئر افسران ٹریننگ دے رہے ہیں، یہ ٹریننگ ملک بھر میں ڈویژنل سطح پر کرائی جا رہی ہے۔

بیان میں بتایا گیا کہ مجموعی طور پر 859 ریٹرننگ افسران اور 144 ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کو ٹریننگ دی جارہی ہے۔

ترجمان الیکشن کمیشن نے بیان میں مزید بتایا کہ افسران کی ٹریننگ 19 دسمبر 2023 کو مکمل کر لی جائے گی۔

تمام سیاسی جماعتوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ دی جائے گی، الیکشن کمشنر بلوچستان

کوئٹہ میں صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز نور چوہان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آر اوز کی تربیت کا سلسلہ چل رہا ہے، صاف و شفاف الیکشن کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں 2 روز قبل ہی الیکشن کمشنر بلوچستان تعینات ہوا، ان شا اللہ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے یہ یقینی بنانے کی کوشش کروں گا کہ بلوچستان میں صاف شفاف اور پُرامن انتخابات منعقد ہوں۔

اعجاز نور چوہان نے کہا کہ اس سلسلے میں تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کا اس میں کلیدی کردار ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ دی جائے گی، اب تک میرے پاس جو بھی شکایات آرہی ہیں انہیں قانون کے مطابق حل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور ریٹرننگ افسران کی ٹریننگ روک دی تھی جس کے سبب انتخابات کے 8 فروری کے انعقاد پر خطرہ منڈلانے لگا تھا۔

ہائی کورٹ کے اس فیصلے کو 15 دسمبر کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا جس نے عدالیہ عالیہ کو معاملے میں مزید کارروائی سے روک دیا تھا۔

سپریم کورٹ نے انتخابی شیڈول کے اجرا کے لیے الیکشن کمیشن کی جانب سے ایک ہفتے کی مہلت دینے کی استدعا بھی مسترد کرتے ہوئے شیڈول اسی روز جاری کرنے کا حکم دیا تھا۔

‏بعد ازاں 15 دسمبر کی شب الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا تھا جس کے تحت ملک بھر میں عام انتخابات 8 فروری 2024 کو منعقد ہوں گے۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ریٹرننگ افسران کی ٹریننگ کا شیڈول بھی جاری کردیا تھا۔

الیکشن کمیشن سے جاری اعلامیے کے مطابق سپریم کورٹ کے 15 دسمبر 2023 کو جاری احکامات کی روشنی میں ریٹرننگ افسران کی ٹریننگ کا عمل بحال کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریٹرننگ افسران کی ٹریننگ 17 اور 18 دسمبر 2023 کو ہوگی جبکہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی ٹریننگ 19 دسمبر 2023 کو ہوگی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024