سیکریٹری عمر حمید کی صحت نے اجازت دی تو جلد فرائض سرانجام دیں گے، الیکشن کمیشن

شائع January 7, 2024
—فائل فوٹو: ریڈیو پاکستان
—فائل فوٹو: ریڈیو پاکستان

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ کمیشن کے سیکریٹری احسن طریقے سے کام کررہے ہیں، تاہم گذشتہ دنوں سے میڈیکل ریسٹ پر رہے ہیں، صحت نے اجازت دی تو وہ جلد ہی اپنے فرائض منصبی سرانجام دیں گے۔

ترجمان الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکریٹری عمر حمید ایک ذہین اور محنتی افسر ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ بہت اچھے طریقے سے کمیشن کا کام کررہے ہیں، تاہم گذشتہ دنوں سے ان کی صحت خراب تھی، وہ اس سے پہلے بھی میڈیکل ریسٹ پر رہے ہیں، اب بھی اگر ان کی صحت نے اجازت دی تو وہ جلد ہی اپنے فرائض منصبی سرانجام دیں گے۔

ترجمان نے واضح کیا ہے کہ الیکشن کمیشن مکمل طور پر فعال ہے، اس کے کام میں کسی قسم کی رکاوٹ یا رخنہ نہیں ہے، حتی کہ تعطیلات میں بھی الیکشن کمیشن اور اس کے دفاتر کام کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ اب سے کچھ دیر قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان نے ’خرابی صحت کی بنا پر‘ عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ سیکریٹری الیکشن نے کسی کے دباؤ پر استعفیٰ نہیں دیا، صحت کی خرابی اُن کے استعفے کی وجہ بنی۔

ذرائع کے مطابق سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان کچھ دن تک ہسپتال میں زیر علاج رہے اور اب گھر میں زیرِ علاج ہیں، اُن کا کہنا ہے کہ میری صحت کام کرنے کی اجازت نہیں دیتی۔

ذرائع نے مزید بتایا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر نے تاحال عمر حمید خان کا استعفیٰ منظور نہیں کیا ہے۔

واضح رہے کہ سیکریٹری الیکشن کمیشن کے استعفیٰ کی اطلاعات ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب ملک میں عام انتخابات کے انعقاد میں محض ایک ماہ باقی رہ گیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 4 اکتوبر 2024
کارٹون : 3 اکتوبر 2024