• KHI: Fajr 4:20am Sunrise 5:48am
  • LHR: Fajr 3:26am Sunrise 5:04am
  • ISB: Fajr 3:21am Sunrise 5:03am
  • KHI: Fajr 4:20am Sunrise 5:48am
  • LHR: Fajr 3:26am Sunrise 5:04am
  • ISB: Fajr 3:21am Sunrise 5:03am

اتنی کھچڑی بن گئی ہے، حکومت 8، 10 ماہ سے زیادہ نہیں چلے گی، پیر پگارا

شائع February 16, 2024
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز
جامشورو میں جی ڈی اے کا گزشتہ روز سے جاری دہرنا ختم  ہوگیا — فوٹو: ایکس
جامشورو میں جی ڈی اے کا گزشتہ روز سے جاری دہرنا ختم ہوگیا — فوٹو: ایکس

سربراہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) پیر پگارا نے کہا ہے اتنی کھچڑی بن گئی ہے کہ حکومت 8، 10 ماہ سے زیادہ نہیں چلے گی۔

مبینہ دھاندلی کے خلاف جی ڈی اے اور قوم پرست جماعتوں کے جامشورو میں جاری دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے پیر پگارا کا کہنا تھا کہ الیکشن کے خلاف احتجاج آئینی حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں اب کوئی نیشنل لیول کا لیڈر نہیں بچا، تمام سیاسی جماعتیں ملکی سطح سے نیچے جاچکی ہیں۔

سربراہ جی ڈی اے نے بتایا کہ ہم الیکشن نتائج کے خلاف احتجاج کررہے ہیں، ڈھائی تین ماہ پہلے ہی الیکشن نتائج بک ہوگئے تھے، ادائیگی بھی ہوگئی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ فیڈریشن کو اب صرف فوج ہی بچا سکتی ہے، فوج ہماری ہے سیاسی اختلافات ہوتے رہتے ہیں، یہ ہماری فوج ہے جس کی وجہ سے ہم آرام سے بیٹھیں ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ فوج نے سب کو آزما لیا، اب آزمانے کا بچا کیا ہے؟ یا مارشل لا لگ سکتا ہے یا ایمرجنسی لگ سکتی ہے، اللہ ہماری فوج اور ججز کی رہنمائی فرمائے کہ وہ قوم کے فائدے کے لیے کام کریں۔

انہوں نے تنبیہ دی کہ الیکشن کے بعد اب مہنگائی آسمان پر جائے گی۔

’میری نظر میں عمران خان چور نہیں ہے‘

سابق وزیر اعظم کے حوالے سے سربراہ جی ڈی اے نے کہا کہ میری نظر میں عمران خان چور نہیں ہے، توشہ خانہ سے نوازشریف اور زرداری نے بھی گاڑیاں لیں تو توشہ خانہ میں سزا صرف عمران خان کو کیوں ہوئی؟ انٹرا پارٹی انتخابات تمام پارٹیوں نے ایک جیسے کروائے لیکن بلے کا نشان صرف پی ٹی آئی سے کیوں لیا گیا؟

انہوں نے اعلان کیا کہ سب کے ساتھ مل کر پر امن احتجاجی تحریک چلائیں گے۔

انہوں نے دعوی کیا کہ اگر ہم بائیکاٹ کرتے تومخالفین ایکسپوز نہیں ہوتے، یہ لوگ اب اندرونی اور بیرونی طور پر ایکسپوز ہوچکے ہیں، جو جیتا وہ خود پریشان ہے اور سر پکڑ کر بیٹھا ہے۔

یاد رہے کہ 12 فروری کو جی ڈی اے نے انتخانی نتائج کو مسترد کرتے ہوئے جمعے کو احتجاج کی کال کی دی تھی۔

بعد ازاں، جماعت اسلامی نے بھی انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف حیدرآباد میں دھرنا دینے کی گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کی دعوت قبول کر لی تھی۔

اس کے علاوہ پاکستان تحریک انصاف نے بھی خلاف گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے احتجاج میں شرکت کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

’مجھے سیٹ دے کر چپ کرانے کی کوشش کی گئی، حافظ نعیم الرحمٰن

جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ کونسی فیکٹری ہے جہاں ایسے نتائج بنائے گئے، ہمیں 5 صوبائی نشستوں سے محروم کیا گیا اور مجھے سیٹ دے کر چپ کرانے کی کوشش کی گئی۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے جامشورو میں جی ڈی اے کے جلسے میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم پرامن احتجاج پر یقین رکھتے ہیں لیکن کسی کو عوام کے مینڈیٹ پر قبضہ نہیں کرنےدیں گے۔

ٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍ انہوں نے کہا کہ یہ کونسی فیکٹری ہے جہاں ایسے نتائج بنائے گئے، ہمیں 5 صوبائی نشستوں سے محروم کیا گیا اور مجھے سیٹ دے کر چپ کرانے کی کوشش کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے اپنی سیٹ چھوڑدی کیونکہ مجھےاللہ کو جواب دینا ہے، پی ٹی آئی جیت گئی تھی، جو جیت گیا اسے جیتنے دو۔

جماعت اسلامی کے رہنما نے کہا کہ 8 سے 10 لاکھ ووٹ لینے والی پی ٹی آئی کو سیٹیں نہ ملیں۔

رہنماؤں کے خطاب کے بعد جامشورو میں جی ڈی اے کا گزشتہ روز سے جاری دہرنا ختم ہوگیا، ایم 9 موٹروے پر دیا گیا دھرنا ختم ہونے کے بعد موٹر وے پر ٹریفک بحال ہوگئی ہے اور دھرنے میں شرکت کے لیے سندھ بھر سے آئے کارکنان واپس روانہ ہوگئے ہیں۔

عوام کا حق واپس لینے تک یہ جدوجہد جاری رہے گی، پید صدر الدین راشدی

پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے رہنما پٌیر صدر الدین راشدی نے کہا ہے کہ آج کا اجتماع الیکشن میں دھاندلی کے خلاف ہے اور عوام کا حق واپس لینے تک یہ جدوجہد جاری رہے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن سپریم کورٹ کے حکم پر کرایاگیا لہٰذا ہم سپریم کورٹ کی طرف دیکھ رہے ہیں اور پرامید ہوں کہ مستقبل میں اس ملک کے لیے اچھا فیصلہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ آج کا اجتماع الیکشن میں دھاندلی کے خلاف ہے لیکن اجتماع کا مقصد یہ نہیں کہ ایک دن میں اہداف حاصل کرلیں۔

مسلم لیگ فنکشنل کے رہنما نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ میرا بھائی لندن سے گھوڑے پر آگیا لیکن گھوڑا لنگڑا ہو گیا۔

انہوں نے کہا کہ پیر پگاڑا اپنے فیصلے خود کرتے ہیں اور عوام کا حق واپس لینے تک یہ جدوجہد جاری رہے گی۔

2018 اور 2024 کے انتخابات میں سندھ کا سودا ہوا، فہمیدہ مرزا

گرینڈ دیموکریٹک الائنس کی رہنما فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ 2018 اور 2024 کے انتخابات میں سندھ کا سودا ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر جماعت 2 دن میں پیدل قافلوں کی صورت میں یہاں پہنچی ہے، یہ لوگ کسی اے ٹی ایم کے پیسے پر نہیں اپنے جذبے پر یہاں پہنچے ہیں۔

فہمیدہ مرزا نے بتایا کہ الیکشن میں دھاندلی نہیں ہوئی، عوام کےحق پر ڈاکا مارا گیا ہے۔

دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے فہمیدا مرزا نے عوام کے حقوق پر ڈاکا ڈالنے والوں کے خلاف آرٹیکل سکس لگانے کا مطالبہ کردیا۔

انہوں نے دریافت کیا کہ بتایا جائے عوام کے حقوق غصب کرنے کی کیا قیمت لگائی گئی؟

انہوں نے بتایا کہ سندھ کے عوام کو حق ملنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،آج بچے بچےکی زبان پر دھاندلی کا تذکرہ ہے، آپ پر انگلیاں اٹھ رہی ہیں، اب سندھ کے عوام چپ نہیں رہیں گے، چاہتے ہیں سندھ میں ان تمام جماعتوں کا اتحاد بنے جن کےساتھ دھاندلی ہوئی ہے، ہم حقیقی جمہوریت کےلیے جدو جہد کررہے ہیں۔

فہمیدہ مرزا کا کہنا تھا کہ میں خیبر پختونخوا والوں کو مبارکباد دینا چاہتی ہوں وہ اپنے مؤقف پر کھڑے رہے، ہم جمہوریت کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے، ہمیں موجودہ الیکشن کمیشن اور الیکشن نامنظور ہے۔

گردن کٹوالیں گے لیکن جھکیں گے نہیں، سائرہ بانو

گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کی رہنما سائرہ بانو نے احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں اپنے حق کی جنگ خود لڑنی پڑے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم آپ کی محبت میں یہاں جمع ہوئے ہیں اور بتایا ہے کہ آپ کمزور نہیں ہیں، کیا آپ ہماری محبت کو کمزوری سمجھتے ہیں؟

ان کا کہنا تھا کہ انگریز غیرت مند تھےلیکن ہمارا پالا اتنے غیرت مندوں سے نہیں پڑا، الیکشن کمیشن میں پیپلزپارٹی کےٹاؤٹ بیٹھےہیں، چیف الیکشن کمشنر کہاں ہیں؟ سندھ کے عوام پر ظلم کیا گیا ہے۔

سائرہ بانو نے دعویٰ کیا کہ گردن کٹوالیں گے لیکن جھکیں گے نہیں۔

ہم جعلی مینڈیٹ کو تسلیم نہیں کرتے ہیں، لیاقت جتوئی

جی ڈی اے کے رہنما لیاقت جتوئی نے کہا ہے کہ ہم جعلی مینڈیٹ کو تسلیم نہیں کرتے ہیں۔

لیاقت جتوئی کا کہنا تھا کہ زرداری صاحب آپ کی عیاشیاں ختم ہو رہی ہیں، آصف زرداری نے ایسا کیا کیا ہے کہ اسے چوتھی بار سندھ دے دیا گیا؟

انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام اور ہم ایک ساتھ کھڑے ہیں، پیر پگاڑا کو کہتا ہوں کہ سندھ کے عوام آپ کےساتھ ہیں، ہم پر ظلم ہو رہا ہے اور ہم ہی پر مقدمات درج ہو رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم جعلی مینڈیٹ کو تسلیم نہیں کرتے، سندھ کو حقوق ملنے تک ہم آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔

انتخابات فراڈ ہیں، سندھ کےساتھ دھوکا کيا گیا، ایاز لطیف پلیجو

گرینڈ دیموکریٹک الائنس کے رہنما ایاز لطیف پلیجو نے کہا ہے کہ انتخابات فراڈ ہیں، سندھ کےساتھ دھوکا کيا گيا۔

مبینہ دھاندلی کے خلاف جی ڈی اے کی جانب سے جامشورو میں جاری دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے سندھ کے عوام سے امیدیں چھین لی ہیں، انتخابات فراڈ ہیں، سندھ کےساتھ دھوکا کيا گيا، عام انتخابات پلیٹ میں سجا کر پیپلز پارٹی کو دیے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ايماندار لوگوں کے لیے سندھ اسمبلی، وفاق یا پارلیمان میں کوئی جگہ نہیں، پاکستان جب مشکل میں آّیا سندھ کے سیاستدانوں نے کردار ادا کیا ہے۔

ایاز لطیف پلیجو نے شکوہ کیا کہ سندھ ملکی سیاسی ایجنڈے کا 15 سال سے حصہ ہی نہیں ہے، لوگ سمجھ چکے ہیں کہ کرپشن کے خلاف بیانات صرف دکھا وا ہیں، وفاق اپنے اہم حصے سندھ کی گورننس، خوشحالی اور میرٹ سے لاتعلق ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے سندھ کو وہ ریلوے اسٹیشن بنادیا ہے جس میں فیصلہ سازی کی گاڑی نہیں رکتی، 3 صوبوں میں حکومت تبدیل ہوتی ہے لیکن سندھ میں ایسا نہیں ہوتا، پیپلزپارٹی نے سندھ کو قربانی کا بکرا سمجھ رکھا ہے، سندھ میں تعلیم کا نظام تباہ ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاق اور ملک کے مستقبل سے کھيلنا بند کیا جائے، جعلی نتائج رد کرکے دوبارہ انتخابات کرائے جائيں۔

سندھ میں ازسر نو الیکشن کرائے جائیں، راشد سومرو

دھرنے سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے راشد سومرو نے بھی خطاب کیا، انہوں نے مطالبہ کیا کہ سندھ میں ازسر نو الیکشن کرائے جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے سودا گروں کو آپ کی آواز براہ راست جانی چاہیے، سندھ کے الیکشن پرکسی کو ڈاکا نہیں ڈالنے دیں گے، سندھ میں الیکشن کو کالعدم قرار دیا جائے

راشد سومرو نے تنبیہ دی کہ اگر ان کا وزیر اعلٰی بنا تو حکومت نہیں چلنے دیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 5 جولائی 2024
کارٹون : 4 جولائی 2024