پنجاب اسمبلی کے پہلے اجلاس میں چور چور کے نعروں کی ویڈیو وائرل
عام انتخابات 2024 کے نتیجے میں بننے والی پنجاب اسمبلی کے نومنتخب ارکان نے بطور قانون ساز حلف اٹھالیا اور حلف کے بعد اسمبلی میں چور چور کے نعرے لگانے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر مریم نواز نے پہلی بار رکن اسمبلی کا حلف بھی اٹھایا، انہیں پارٹی پہلے ہی وزیر اعلیٰ نامزد کر چکی ہے اور وہ ممکنہ طور پر پنجاب کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ بنیں گی۔
نئی اسمبلی کے ارکان کی جانب سے حلف اٹھانے کے بعد ایوان چور چور کے نعروں سے گونج اٹھا اور تمام ارکان نے ایک دوسرے کے خلاف چور چور کے نعرے لگائے۔
اسمبلی اجلاس کے دوران مسلم لیگ ن کے ارکان نے قائد نواز شریف کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں اور وہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حمایت یافتہ آزاد ارکان کو گھڑی چور چور کے نعروں سے پکارتے رہے۔
اسی دوران آزاد ارکان بھی پیچھے نہیں رہے، انہوں نے بھی منی چور اور مینڈیٹ چور کے نعرے لگائے۔
یوں اسمبلی میں تمام ارکان ایک دوسرے کے خلاف چور چور کے نعرے لگاتے دکھائی دیے اور چور چور کے نعروں کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں، جس پر صارفین پریشان دکھائی دیے کہ آخر اسمبلی میں کون کس کو کس چیز کا چور قرار دے رہا ہے؟
بعض صارفین کے مطابق سب لوگ منی چور کے نعرے لگا رہے ہیں، جب کہ بعض نے نشاندہی کی کہ وہ گھڑی چور کے نعرے لگا رہے ہیں جب کہ کچھ کا خیال تھا کہ مینڈیٹ چور کے نعرے لگائے جا رہے ہیں۔
اسی طرح مریم نواز کی جانب سے پہلی بار رکن اسمبلی کا حلف اٹھانے اور اس کے بعد میڈیا سے مختلف طور پر بات کرنے کی ویڈیوز بھی وائرل ہوگئیں۔