• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

آئی ایم ایف سے متعلق سیاسی بیان بازی ملک کی تقدیر سے کھلواڑ کے مترادف ہے، فیصل واوڈا

شائع March 18, 2024
—فوٹو: ڈان نیوز
—فوٹو: ڈان نیوز

سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف) کے حوالے سے سیاسی بیان بازی کرنا ملک کی تقدیر سے کھیلنے کے مترادف ہے، اس کو اسی طرح مسترد کیا جانا چاہیے جیسے 9 مئی کو مسترد کیا گیا۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ پاکستان میں انتخابات کی شفافیت پر 75 سال سے سوالیہ نشان ہے، اگر کسی کے بھی کاغذات نامزدگی جمع ہورہے ہیں تو اس میں ایسی کوئی بات نہیں ہے۔

سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں آزاد ہوں اور آزاد حیثیت میں ہی سینیٹ انتخابات لڑوں گا، ہار جیت الیکشن والے دن ہی پتا چلتی ہے، دونوں کو عزت سے قبول کرنا چاہیے۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ میں نے یہ کہا تھا کہ میں صدر آصف زرداری کے بیٹے جیسا ہوں، اگر پیپلزپارٹی کے دیگر لوگوں کو نہیں معلوم تو اپنے شریک چیئرمین سے پوچھ لیں کہ انہوں نے مجھے بیٹا کہا یا نہیں کہا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے اراکین مانیں یا نہ مانیں مجھے فرق نہیں پڑتا، آصف زرداری نے مجھے اپنے بیٹے کی طرح مخاطب کیا ہے اور میں بھی انہیں اپنے بڑوں کی طرح عزت دیتا ہوں۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ ابھی آزاد کا موسم چل رہا ہے تو آزاد ہوں، جب پارٹی جوائن کرنے کا وقت آئے گا تو پارٹی بھی جوائن کرلوں گا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے ایک ہی پارٹی میں 14، 15 سال کام کیا ہے، اس کے بعد پارٹی کی غلطیاں اور بےوقوفیاں تھیں، جب پارٹی عروج پر تھی تو مجھے نکال دیا گیا پھر دیگر کو ہاتھ اٹھا اٹھا کر پارٹی کو چھوڑنا پڑا۔

بانی تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے آئی ایم ایف کو خط سے متعلق سوال کے جواب میں فیصل واوڈا نے کہا کہ آئی ایم ایف کے حوالے سے سیاسی بیان بازی کرنا ملک کی تقدیر سے کھیلنے کے مترادف ہے، اس کو اسی طرح مسترد کیا جانا چاہیے جیسے 9 مئی کو مسترد کیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024