• KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am
  • KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am

وزیر اعظم کی چینی سفیر سے ملاقات، حملہ آوروں کو قرار واقعی سزا دینے کی یقین دہانی

شائع March 26, 2024
وزیر اعظم شہباز نے چینی سفارتخانے کا دورہ کر کے چینی سفیر جیانگ زائیڈونگ سے ملاقات کی— فوٹو: اے پی پی
وزیر اعظم شہباز نے چینی سفارتخانے کا دورہ کر کے چینی سفیر جیانگ زائیڈونگ سے ملاقات کی— فوٹو: اے پی پی

وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان میں چینی سفیر جیانگ زائیڈونگ سے بشام میں دہشت گرد حملے میں چینی انجینئرز کی ہلاکت پر تعزیت کرتے ہوئے واقعے کے ذمے داروں اور سہولت کاروں کے خلاف تحقیقات کر کے انہیں قرار واقعی سزا دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں چینی سفارتخانے کا دورہ کیا اور چین کے پاکستان میں سفیر جیانگ زائیڈونگ سے بشام میں دہشت گرد حملے میں پانچ چینی باشندوں کی ہلاکت پر تعزیت کی۔

وزیرِ اعظم نے چینی صدر اور چینی وزیرِ اعظم کے لیے واقعے کے حوالے سے تعزیتی پیغام بھی دیا۔

چینی سفیر سے گفتگو میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کی ہمدردیاں چینی شہریوں کے اہلِخانہ کے ساتھ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت واقعے کی اعلیٰ سطح پر جلد تحقیقات کر کے ذمہ داراں و سہولت کاروں کو قرار واقعی سزا دے گی اور پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی ایسی مذموم کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

شہبازشریف نے کہا کہ سی پیک کے دشمنوں نے ایک مرتبہ پھر سے ایسی بزدلانہ حرکت کر کے اسے متزلزل کرنے کی سازش کی ہے مگر دشمن اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتا اور دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔

چینی سفیر نے وزیرِ اعظم کی سفارتخانے آمد اور واقعے کی تحقیقات میں ذاتی دلچسپی پر شکریہ ادا کیا اور وزیرِ اعظم کے پاک چین دوستی کے حوالے سے عزم کی تعریف کی۔

اس موقع پر وزیرِ خارجہ اسحٰق ڈار، وزیرِ داخلہ محسن نقوی، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ اور وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

حملے کی منصوبہ بندی پاک چین دوستی کے دشمنوں نے کی، دفتر خارجہ

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ حکومت پاکستان دہشت گردی کے اس گھناؤنے فعل کی شدید مذمت کرتی ہے اور ہم دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں گے۔

بیان میں کہا گیا کہ اس طرح کی گھناؤنی کارروائیاں پاکستانی قوم کے دہشت گردی کی لعنت کے خلاف لڑنے کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں۔

اس حوالے کہا گیا کہ آج کے حملے کی منصوبہ بندی پاک چین دوستی کے دشمنوں نے کی تھی اور ہم ایسی تمام قوتوں کے خلاف پوری عزم کے ساتھ کارروائی کر کے انہیں شکست دیں گے۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت مشکل کی اس گھڑی میں ہمارے چینی دوستوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں اور حملے میں ہلاک ہونے والے چینی شہریوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان اور چین قریبی دوست اور آہنی بھائی ہیں، پاکستان میں چینی شہریوں کی زندگی اور حفاظت انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور پاکستان میں چینی شہریوں، منصوبوں اور اداروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان اپنے چینی بھائیوں کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔

واضح رہے کہ خیبر پختونخوا کے ملاکنڈ ڈویژن کے ضلع شانگلہ میں حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑی چینی قافلے سے ٹکرا دی جس کے نتیجے میں 5 چینی انجینئرز سمیت 6 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024