• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

گرمی کی پے در پے لہر سے لاکھوں ایشیائی بچوں کی زندگیاں خطرے میں

شائع April 11, 2024
فائل فوٹو: اے ایف پی
فائل فوٹو: اے ایف پی

اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ مشرقی ایشیا اور پیسیفک میں گرمی کی پے درپے زبردست لہر سے لاکھوں بچے خطرے میں پڑ سکتے ہیں اور انہیں اور دیگر کمزور طبقوں کو بڑھتے درجہ حرارت سے بچانے کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق گرمی کی صورتحال کو مانیٹر کرنے والے عالمی اداروں کا کہنا ہے کہ سال 2024 اب تک کا سب سے گرم سال ثابت ہونے جارہا ہے، جس کی وجہ ماحولیاتی شدت اور گرین ہاؤس گیس کی بڑھتی ہوئی تابکاری ہے۔

اقوام متحدہ کے بچوں کے ادارے (یونیسیف) کے فراہم کردہ ڈیٹا کے مطابق مشرقی ایشیا اور پیسیفک میں رہنے والے 24 کروڑ 30 لاکھ سے زائد بچے مستقبل میں گرمی کی لہر سے متاثر ہوسکتے ہیں، جس سے انہیں مختلف بیماریوں اور موت کا خطرہ ہے۔

عالمی ایجنسی نے مزید کہا کہ خطے کے بہت سے ممالک پہلے سے سخت گرمی کا سامنا کررہے ہیں اور درجہ حرارت 40 ڈگری سے زیادہ اور تاریخی سطحوں پر جارہا ہے، آنے والے ہفتوں میں اس رجحان میں مزید اضافے کا اندیشہ ہے۔

اس غیر معمولی صورتحال میں فلپائن کے کچھ اسکولوں نے فزیکل کلاسز معطل کرنے کا اعلان کیا ہے، اعلان ادارہ موسمیات کے انتباہ کے بعد کیا گیا جس میں بتایا تھا گیا کہ درجہ حرارت 42 یا 43 سینٹی گریڈ تک بڑھ سکتا ہے۔

اس سے قبل تھائی لینڈ کے ایک صوبے میں 43.5 درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا، جو کہ تاریخی سطح 44.6 سینٹی گریڈ سے کچھ ہی دور تھا، تھائی وزارت صحت کے مطابق گرمی سے متعلق بیماریوں سے ہر سال 40 کے قریب لوگ اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔

اسی طرح تھائی لینڈ کے پڑوس میں واقع ویت نام میں بھی غیر معمولی 38 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔

یونیسف نے اپنی رپورٹ میں مزید کہا کہ بچے اپنے جسم کا درجہ حرارت ریگولیٹ نہیں کرپاتے لہذا وہ زیادہ بڑے خطرے سے دوچار ہوتے ہیں۔

یونیسیف کے ریجنل آفس برائے ایسٹ ایشیا اور پیسیفک کی ڈائریکٹر ڈیبرا کومنی کے مطابق زیادہ گرمی بچوں کے لیے جان لیوا ثابت ہوسکتی ہے۔

ڈیبرا کومنی نے مزید بتایا کہ اس قدر شدید گرمی جسم کو ٹھنڈا رکھنے والے قدرتی نظام کو کام کرنے نہیں دیتی۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آنے والی گرمیوں اور دیگر ماحولیتی تبدیلیوں میں خبردار رہنے کی ضرورت ہے تاکہ بچوں اور دیگر کمزور طبقوں کو بچایا جاسکے۔

اقوام متحدہ کا ماننا ہے کہ 2050 تک 2 ارب بچوں کو گرمی کی لہر کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024