جاپانی شہریوں کی گاڑی پر دھماکا: سندھ میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کے احکامات جاری
کراچی کے علاقے لانڈھی میں جاپانی شہریوں کی گاڑی کے قریب دھماکے کے بعد وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے تاحکم ثانی سندھ بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کے احکامات جاری کردیئے۔
دفتر وزیر داخلہ سندھ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ نماز جمعہ کی مناسبت سے مساجد امام بارگاہوں و دیگر کھلے مقامات پر سیکیورٹی اقدامات کو فول پروف بنایا جائے۔
وزیر داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ ضلعی سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پیز)، سب ڈویژنل پولیس آفسر (ایس ڈی پی اوز) فیلڈ میں آئیں۔
وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ اسٹیشن ہاؤس افسران (ایس ایچ اوز) سیکیورٹی اقدامات میں انتہائی مستعد اور الرٹ رہیں، مزید ہدایت دی کہ رینڈم اسنیپ چیکنگ، پکٹنگ اور پیٹرولنگ پر خصوصی فوکس رکھا جائے۔
ضیا الحسن لنجار نے ہدایت جاری کی کہ کمیونیکشن حکمت عملی کو مربوط اور مؤثر بنایا جائے۔
واضح رہے کہ آج کراچی کے علاقے لانڈھی کی مانسہرہ کالونی میں غیر ملکی شہریوں کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور 2 سیکیورٹی گارڈ سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے تھے، تاہم تمام 5 جاپانی شہری محفوظ رہے تھے۔
ڈی آئی جی ایسٹ اصفر مہسر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ’آج (جمعے کی) صبح جاپانی شہریوں کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا، اس گاڑی کے پیچھے ایک خودکش حملہ آور موٹرسائیکل پر سوار تھا۔‘
انہوں نے تسلیم کیا تھا کہ یہ خطرہ موجود تھا کہ غیر ملکی شہریوں کو نشانہ بنایا جائے گا، اسی سلسلے میں اجلاس بھی منعقد ہوئے تھے، سیکیورٹی تھریٹ کے باعث پولیس بھی الرٹ تھی۔
ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ ایک دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑایا، دوسرا دہشت گرد پولیس مقابلے میں مارا گیا۔