• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

’عدلیہ میں مداخلت کرنے والے عناصر سے کیسے نمٹا جائے‘، لاہور ہائیکورٹ کے تمام ججز کا اجلاس طلب

شائع April 19, 2024 اپ ڈیٹ April 20, 2024
چیف جسٹس ہائی کورٹ نے 22 اپریل کو دوپہر ڈیرھ بجے تمام ججز کا اجلاس طلب کیا ہے— لاہور ہائی کورٹ ویب سائٹ
چیف جسٹس ہائی کورٹ نے 22 اپریل کو دوپہر ڈیرھ بجے تمام ججز کا اجلاس طلب کیا ہے— لاہور ہائی کورٹ ویب سائٹ

عدلیہ کی آزادی کو محفوظ بنانے کے حوالے سے غور کے لیے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس ملک شہزاد احمد خاں نے فل کورٹ اجلاس طلب کرلیا۔

چیف جسٹس ہائی کورٹ نے 22 اپریل کو دوپہر ڈیرھ بجے تمام ججز کا اجلاس طلب کیا ہے۔

فل کورٹ اجلاس کا ایجنڈا بھی جاری کردیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ اس میں غور کیا جائے گا کہ عدلیہ کی آزادی کو کیسے محفوظ بنایا جاسکتا ہے۔

اس میں کہا گیا ہے کہ عدلیہ کی آزادی کو کمزور کرنے والے عناصر سے کیسے نمٹا جائے، اجلاس میں اس کا لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔

جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ میٹنگ میں لاہور ہائی کورٹ کے تمام ججز لازمی شرکت کریں، پرنسپل سیٹ کے علاوہ دیگر علاقائی بنیچز میں کام کرنے والے ججز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کریں۔

واضح رہے کہ 25 مارچ کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 ججز نے ججز کے کام میں خفیہ ایجنسیوں کی مبینہ مداخلت اور دباؤ میں لانے سے متعلق سپریم جوڈیشل کونسل کو خط لکھا تھا۔

یہ خط اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس طارق محمود جہانگیری، جسٹس بابر ستار، جسٹس سردار اعجاز اسحٰق خان، جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس سمن رفت امتیاز کی جانب سے لکھا گیا۔

خط میں کہا گیا کہ ہم بطور اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز سپریم جوڈیشل کونسل سے ایگزیکٹیو ممبران بشمول خفیہ ایجنسیوں کے ججز کے کام میں مداخلت اور ججز کو دباؤ میں لانے سے متعلق رہنمائی چاہتے ہیں۔

خط میں مزید کہا گیا کہ یہ معاملہ سپریم کورٹ کے اس فیصلے کے نتیجے میں سامنے آیا جس میں سپریم کورٹ کی جانب سے جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی سال 2018 میں برطرفی کو غلط اور غیر قانونی قرار دیا گیا اور کہا کہ جسٹس شوکت عزیز صدیقی کو ریٹائرڈ تصور کیا جائے گا۔

اس کے ایک روز بعد مختلف حلقوں سے اس کی تحقیقات کے مطالبات سامنے آئے، جس کے پیشِ نظر چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے سپریم کورٹ کے ججز کا فل کورٹ اجلاس طلب کیا تھا۔

28 مارچ کو وزیر اعظم شہباز شریف نے چیف جسٹس عیسیٰ سے ملاقات کی، جہاں دونوں نے کابینہ کی منظوری کے بعد عدالتی امور میں مداخلت کے خدشات کی تحقیقات کے لیے کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔

30 مارچ کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کے الزامات پر ایک رکنی انکوائری کمیشن بنانے کی منظوری دے دی گئی تھی، جسٹس (ر) تصدق جیلانی کو کمیشن کا سربراہ مقرر کر دیا گیا تھا۔

31 مارچ کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 ججوں کے خط کے معاملے پر 300 سے زیادہ وکلا نے سپریم کورٹ سے آئین کے آرٹیکل 184 (3) کے تحت انٹیلی جنس اپریٹس کی جانب سے عدالتی امور میں مداخلت کرنے کے الزامات کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔

یکم اپریل کو چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے معاملے کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے 7 رکنی لارجر بینچ تشکیل دے دیا تھا، بعد ازاں 11 اپریل کو سپریم کورٹ نے سوموٹو کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے معاملے پر ردعمل کے لیے تجاویز طلب کر لی تھیں۔

معاملے پر اعلیٰ عدلیہ کا بطور ادارہ ردعمل کیا ہونا چاہیے اس پر سپریم کورٹ نے پاکستان بار کونسل،سپریم کورٹ بار اور وفاق سے تجاویز طلب کر لیں تجاویز طلب کی تھیں۔

حکمنامہ میں تجاویز کے سلسلے میں کہا گیا تھا کہ کس طریقہ کار کے تحت مستقبل میں ایسے معاملات سے بچا جا سکتا ہے، ذمہ داروں کا تعین اور ان کے خلاف کاروائی کا کیا طریقہ کار ہونا چاہیے اس حوالے سے تجاویز دی جائیں۔

اس حوالے سے کہا گیا کہ پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر، ہائی کورٹس کے رجسٹرار اور وفاقی حکومت کے لیے اٹارنی جنرل کو نوٹسز جاری کیے جائیں کیونکہ قانون کی آئینی تشریح کے حوالے سے معاملات سوالات زیر غور ہیں۔

حکمنامے میں کہا گیا کہ سینئر وکیل حامد خان اور خواجہ احمد نے نشاندہی کی تھی کہ انہوں نے خط سے متعلق آئین کے آرٹیکل 184(3) کے تحت پٹیشش دائر کی ہے لہٰذا اسے فوری سنا جائے لیکن انہیں یہ باور کرایا جاتا ہے کہ یہ معاملہ سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر کورٹ کے تحت سنا جا رہاہے اس لیے اسے پہلے تشکیل کردہ کمیٹی کے سامنے نظرثانی کے لیے پیش کیا جائے گا اور کمیٹی کی جانب سے منظوری کے بعد سنا جائے گا۔

عدالت اب مقدمے کی سماعت 30 اپریل 2024 بروز منگل کو دن ساڑھے 11 بجے کرے گی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024