• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

چیمپئنز ٹرافی 2025: پی سی بی نے شیڈول آئی سی سی کو بھیج دیا

شائع June 11, 2024
فوٹو: کرک انفو
فوٹو: کرک انفو

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اگلے سال چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے 19 مارچ تک کروانے کی تجویز دی ہے، یہ میچز کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلیں جائیں گے۔

کھیلوں کی ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو بھیجی گئی تجویز میں پی سی بی نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے 19 فروری سے 19 مارچ کی ونڈو تجویز کی ہے، ایونٹ کے میچز 3 مختلف شہروں میں کھیلے جائیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے تجویز دی ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے دوران ایونٹ کے افتتاحی میچ اور سیمی فائنل سمیت 3 میچز کراچی میں کھیلے جائیں گے، لاہور میں ایونٹ کے فائنل سمیت کل 7 میچز کھیلے جائیں گے، جب کہ بقیہ میچز راولپنڈی کے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

یاد رہے کہ 1996 کے ون ڈے ورلڈکپ کے بعد پاکستان آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کرنے جارہا ہے جس کے لیے آئی سی سی حکام متعدد بار سیکیورٹی اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے پاکستان کا دورہ کرچکے ہیں، اس دوران آئی سی سی کی جانب سے پاکستان میں سیکیورٹی سمیت دیگر انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

چیمپئنز ٹرافی 2025 کے میچز پی سی بی کے تجویز کردہ شیڈول کے مطابق ہوئے تو ایونٹ کا آخری مرحلہ رمضان المبارک میں کھیلا جائے گا، گزشتہ سال پی ایس ایل کے ناک آؤٹ مرحلے میچ میچز رمضان میں کھیلے گئے تھے جس کے باعث کراچی میں تماشائیوں نے اسٹیڈیم کا رخ نہیں کیا۔

پی سی بی کی جانب سے زیادہ تر ڈے اینڈ نائٹ میچز کروانے کی تجویز دی گئی ہے، لیکن ون ڈے ایونٹ ہونے کی وجہ سے میچ کا زیادہ حصہ دن میں روزے کی حالت میں ہی کھیلا جائے گا۔

خیال رہے کہ کرک انفو نے اپنی پچھلی رپورٹ میں بتایا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 میں بھارت کے تمام میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے اوراگر بھارت فائنل فورمیں رسائی حاصل کرلیتا ہے تو شاید کراچی سے سیمی فائنل بھی لاہور یا راولپنڈی منتقل کردیا جائے گا۔

سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے بھارت کے تمام میچز ایک ہی شہر میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جب کہ لاہور میں واہگہ بارڈر کی وجہ سے میچز رکھے گئے ہیں تاکہ بھارتی شہری ان میچز میں آسانی سے شرکت کرسکیں۔

تاہم، چیمپئنز ٹرافی 2025 میں بھارت کی شمولیت اب بھی سوالیہ نشان ہے، بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے دورہ پاکستان کا فیصلہ بھارتی حکومت پر چھوڑا ہوا ہے۔

بھارت نے ایشیا کپ 2008 کے بعد سے پاکستان میں کوئی میچ نہیں کھیلا، جب کہ 2013-2012 میں پاکستان کے دورہ انڈیا کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان کوئی دو طرفہ سیریز بھی نہیں کھیلی گئی ہیں۔

گزشتہ سال بھی ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو ملی تھی لیکن بھارت نے پاکستان آنے سے صاف انکار کردیا تھا جس کے بعد ہائبرڈ ماڈل کے تحت بھارت کے تمام میچز سری لنکا میں شیڈول کیے گئے تھے، جہاں کولمبو میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت نے آسانی سے سری لنکا کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان اس چیمپئنز ٹرافی میں دفاعی چیمپئن کے طور پر شریک ہوگا، آخری بار چیمپئنز ٹرافی 2017 میں ہوئی تھی جو پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں جیتی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024