• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

کراچی میں شدید گرمی، حدت 52 ڈگری تک محسوس کی جانے لگی

شائع June 24, 2024
فائل فوٹو: اے ایف پی
فائل فوٹو: اے ایف پی

کراچی میں قیامت خیز گرمی نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے اور آج صبح سے شدید گرمی کا احساس ہورہا ہے، شہر کا درجہ حرارت 41 ڈگری تک پہنچ گیا لیکن گرمی کی شدت 52 ڈگری تک محسوس کی جارہی ہے، جب کہ ہیٹ ویو کی صورت حال مزید 3 دن تک برقرار رہے گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو کراچی میں درجہ حرارت 41 سینٹی گریڈ رہا لیکن گرمی کی شدت 50 سے 52 سینٹی گریڈ تک محسوس کی گئی۔

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ شہر کے درجہ حرارت میں 3 دن بعد کمی کا امکان ہے، تاہم آئندہ 2 سے 3 روز کے دوران درجہ حرارت 40 سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے، جس کی شدت 44 ڈگری تک محسوس کی جائے گی اور کراچی میں ہیٹ ویو کی صورتحال مزید 3 دن تک برقرار رہے گی۔

کراچی میں 14گھنٹے کی لوڈشیڈنگ

کراچی میں شدید گرمی کے دوران بعض علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 14 گھنٹے تک پہنچ گیا، متعدد علاقوں میں رات 2 بجے کے بعد غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ معمول بن گئی ہے۔

گزشتہ روز بجلی کی غیر اعلانیہ بندش کے خلاف شہری گھروں سے باہر نکل آئے اور متعدد مقامات پر احتجاج کیا، کورنگی، سہراب گوٹھ، داؤد چورنگی، گارڈن، نشتر روڈ کے مقامات پر بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف شہریوں کی جانب سے ٹائروں کو آگ لگا کر سڑکوں کو بند کیا گیا، جس سے ٹریفک کی روانی کافی دیر تک متاثر رہی۔

ملک بھر میں گرمی کا زور

آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، اسلام آباد اور گر دو نواح میں موسم گرم اور مطلع جزوی طور پر ابرآلود ہے، شہر کے بعض مقامات میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، گزشتہ روز سندھ اور پنجاب کے بیشتر میدانی علاقوں میں دن بھر سورج آگ برساتا رہا۔

سندھ موسم:

سندھ کے متعدد شہروں میں پارہ 42 سے 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے، جیکب آباد اور سکھر میں درجہ حرارت 47 ڈگری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت دادو اور جیکب آباد میں 46 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو آج 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

خیبرپختونخوا موسم:

خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں میں بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں پشاور، کوہاٹ، ڈی آئی خان، چترال، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، خیبر اور کرم میں چند مقامات پر آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں دیر میں ایک، مالم جبہ میں 10، بالاکوٹ میں 5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ ڈی آئی خان میں ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج پشاور کا موسم گرم اور خشک ہے، درجہ حرارت 42 ڈگری تک جانے کا امکان ہے، شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 62 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

پنجاب موسم:

پی ڈی ایم اے پنجاب نے یکم جولائی سے پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کی پیشگوئی کی ہے، پی ڈی ایم اے کے مطابق رواں سال مون سون میں بارشیں 35 فیصد تک زیادہ ہونے کاامکان ہے، جب کہ جولائی میں مون سون بارشوں سے اربن فلڈنگ اور جنوبی پنجاب میں ہل ٹورنٹس کا خطرہ ہے۔

اس کے علاوہ، لاہور شہر میں بھی شدید گرمی ہے اور پارہ 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

بلوچستان موسم:

محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے شہروں خضدار، لسبیلہ، بارکھان، ژوب، شیرانی، کوہلو، موسیٰ خیل، لورالائی، سبی، نصیرآباد، جھل مگسی اور ڈیرہ بگٹی میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024