میرا جنازہ تھیٹر سے نکالا جائے، مصری اداکارہ سلویٰ محمد علی
مصر کی سینیئر اداکارہ، فلم ساز و پروڈیوسر سلویٰ محمد علی نے خواہش کا اظہار کرتے ہوئے وصیت کی ہے کہ ان کا جنازہ تھیٹر سے نکالا جائے۔
مصری نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں سلویٰ محمد علی نے اپنے کیریئر سمیت مصر میں فنون لطیفہ اور خصوصی طور پر تھیٹر کی تاریخ اور اہمیت پر بھی کھل کر بات کی۔
انہوں نے پروگرام کے دوران مصر کی جانب سے فلسطین کی حمایت جاری رکھنے پر بھی بات کی اور کہا کہ فلسطینیوں کو کسی بھی حال میں تنہا نہیں چھوڑ ا جائے گا۔
نشریاتی ادارے العربیہ کے مطابق پروگرام کے دوران انہوں نے دعویٰ کیا کہ مصر کے لیجنڈری تھیٹر اداکاروں کے جنازے گھروں اور مسجدوں سے نہیں بلکہ تھیٹرز سے نکلے ہیں اور یہ فن کو خراج تحسین پیش کرنے کی اچھی روایت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مصر کے بڑے ہدایت کاروں اور تھیٹر اداکاروں کے جنازے بھی تھیٹرز اور میوزیم سے نکالے گئے اور ان کی بھی خواہش ہے کہ ان کا جنازہ بھی ایسے ہی نکالا جائے۔
سلویٰ محمد علی کا کہنا تھا کہ تھیٹر اور اسٹیج ان کی پہچان ہیں، انہوں نے وہیں سے کیریئر شروع کیا اور نام بنایا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے وصیت کر رکھی ہے کہ ان کا جنازہ نیشنل میوزیم آف تھیٹر سے نکالا جائے۔
سلویٰ محمد علی کے مطابق ان کی خواہش ہے کہ ان کا جنازہ تھیٹر سے نکال کر مسجد یا جنازہ گاہ لے جایا جائے، جہاں نماز کی تدفین کے بعد انہیں تھیٹرز اداکاروں کے ساتھ دفنایا جائے۔
سینیئر اداکارہ کی جانب سے جنازے کو تھیٹر سے نکالنے کی بات کہنے پر تنقید کا سامنا ہے اور نہ صرف مصر بلکہ عرب سوشل میڈیا پر بھی اداکارہ کو آڑے ہاتھوں لیا گیا۔
تاہم بعض صارفین ان کی حمایت بھی کرتے دکھائی دیے اور دلیل دی کہ اداکارہ کی خواہش میں کوئی غلط بات نہیں، جنازہ تھیٹر سے نکالنے میں کوئی حرج نہیں، جس طرح استاد کا جنازہ اسکول سے نکالاجا سکتا ہے، اسی طرح اداکار کا جنازہ تھیٹر سے نکالنے میں برائی نہیں۔