• KHI: Maghrib 5:53pm Isha 7:15pm
  • LHR: Maghrib 5:09pm Isha 6:36pm
  • ISB: Maghrib 5:09pm Isha 6:38pm
  • KHI: Maghrib 5:53pm Isha 7:15pm
  • LHR: Maghrib 5:09pm Isha 6:36pm
  • ISB: Maghrib 5:09pm Isha 6:38pm

کراچی سے 170 کلومیٹر دور ڈیپ ڈپریشن طوفان میں تبدیل، تیسرا الرٹ جاری

شائع August 30, 2024
—فوٹو:زوم ارتھ
—فوٹو:زوم ارتھ
—فوٹو:پی ڈی ایم
—فوٹو:پی ڈی ایم
—سی ویو کراچی
—سی ویو کراچی
—کلفٹن کراچی
—کلفٹن کراچی

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا ہے کہ رن آف کچ (بھارت) کے اوپر موجود کراچی سے 170 کلومیٹر دوری پر موجود ڈیپ ڈپریشن اب طوفان کی صورت اختیار کرگیا ہے۔

سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ ڈیپ ڈپریشن اب سائیکلون کی صورت اختیار کرگیا، اسنیٰ کراچی کے جنوب مشرق میں 170 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے، اس وقت اس کے زیر اثر شہر میں 60 سے 70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

چیف میٹرولوجسٹ نے کہا کہ بارشوں کی شدت میں اضافہ ہوگا، رات میں تیز اسپیل متوقع ہے، اس سمندری طوفان کی سمت بلوچستان، عمان کی جانب ہے، بارشیں اسی سسٹم کے زیر اثر ہو رہی ہیں۔

ادھر، کراچی میں تین مختلف مقامات پر تیز ہواؤں کے نتیجے میں درخت کے گرنے کے واقعات ہوئے ہیں۔

ترجمان ریسکیو 1122 نے بتایا کہ سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول ریسکیو 1122 کو کال موصول ہوتے ہی اربن سرچ اینڈ ریسکیو کی ٹیم بمعہ ڈزاسٹر ریسپانس وہیکل موقع پر پہنچ گئی۔

مزید کہنا تھا کہ پہلا واقعہ گلستان جوہر بلاک 10 میں رونما ہوا جبکہ دوسرا واقعہ گلشن اقبال اسٹیڈیم روڈ کے قریب رونما ہوا جس میں ایک خاتون درخت کے نیچے آکر انتقال کر گئیں۔

ریسکیو 1122 کے مطابق تیسرا واقعہ گلشن اقبال بلاک 17 میں سٹی وارڈن کے دفتر کے پاس رونما ہوا، جہاں درخت بجلی کے تاروں پہ جا گرا جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات پاکستان (ایم ڈی پی) نے ٹراپیکل سائیکلون کا تیسرا الرٹ جاری کردیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے جانب سے جاری کردہ تازہ ترین الرٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت کے رن آف کچ پر ڈیپ ڈپریشن 12 گھنٹوں کے دوران مغرب، جنوب مغرب کی جانب بڑھا۔

اس میں کہا گیا کہ سمندری طوفان 70 کلومیٹرفی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی تیز ہواؤں کے ساتھ ناہموار رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے کہا کہ سائیکلون مزید مغرب،جنوب مغرب کےجانب بڑھےگا، دوپہر یا شام تک سندھ کے ساحل کے ساتھ شمال مشرقی بحیرہ عرب میں ابھرےگا۔

جاری کردہ تیسرے الرٹ میں کہا گیا کہ سائیکلون کے زیر اثر کراچی، تھرپارکر، بدین، ٹھٹھہ میں موسلادھاربارش کاامکان ہے، سجاول، حیدرآباد، مٹیاری، عمرکوٹ، میرپورخاص، سانگھڑ، جامشورو، دادو اور شہید بینظیر آباد اضلاع میں بھی 31 اگست تک موسلادھار بارشیں متوقع ہیں۔

اس میں کہا گیا کہ حب، لسبیلہ، آواران، کیچ اور گوادر میں 30 اگست سے یکم ستمبر تک تیز بارشوں کا امکان ہے جبکہ سندھ کے ماہی گیروں کو 31 اگست، بلوچستان کے ماہی گیروں کویکم ستمبر تک سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

قبل ازیں چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا تھا کہ ہوا کا شدید ترین کم دباؤ آہستہ آہستہ مزید مغرب، جنوب مغرب کی جانب بڑھ رہاہے، ڈیپ ڈپریشن کراچی کے جنوب مشرق میں 200 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ آج سہ پہر اور شام کے درمیان یہ ایک طاقتور طوفان کی شکل اختیار کرسکتا ہے، طوفان کے بننے پر اس کی سمت مغرب، جنوب مغرب کی طرف رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے جاری بیان میں تھا کہ موجودہ صورتحال کے باعث 31 اگست تک وقفے وقفے سےکراچی ڈویژن، تھرپارکر، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، حیدرآباد، ٹنڈو محمد خان،ٹنڈو اللہ یار ، مٹیاری، عمرکوٹ، میرپورخاص، سانگھڑ، جامشورو، دادو اور شہید بینظیر آباد کے اضلاع میں شدید آندھی، موسلادھار، شدید طوفانی بارش کا امکان ہے۔

پی ایم ڈی نے کہا کہ 30 اگست سے ایک ستمبر کے دوران حب، لسبیلہ، آواران، کیچ اور گوادر کے اضلاع میں بھی وقفے وقفے سےشدید آندھی، موسلادھار، شدید طوفانی بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ رات پی ایم ڈی نے صوبہ سندھ کی ساحلی پٹی پر طوفان کا دوسرا الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ ڈیپ ڈپریشن کراچی کے جنوب مشرق میں 250 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری الرٹ میں کہا گیا تھا کہ ڈیپ ڈپریشن گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران بھارت سے جنوب مغرب کی جانب بڑھ گیا ہے۔

اگلے 24 گھنٹوں کے دوران ہوا کا شدیدکم دباؤ سمندری طوفان میں تبدیل ہونے کا قوی امکان ہے—فوٹو:رائٹرز
اگلے 24 گھنٹوں کے دوران ہوا کا شدیدکم دباؤ سمندری طوفان میں تبدیل ہونے کا قوی امکان ہے—فوٹو:رائٹرز

اس حوالے سے کہا گیا کہ سمندری طوفان تیز ہواؤں کے ساتھ ناہموار رہنے کا امکان ہے اور ڈیپ ڈپریشن کل صبح تک سندھ کے ساحل کے ساتھ بحیرہ عرب میں ابھرے گا۔

ادارے نے بیان میں کہا کہ سازگار ماحولیاتی حالات کے باعث سمندری طوفان میں تبدیل ہوسکتا ہے اور سائیکلون کے زیر اثر کراچی میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ کراچی شہر میں آج بھی بادل جم کربرسیں گے جب کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں ریکارڈ کی گئ بارش کے اعدادو شمار بھی جاری کردیے گئے۔

مون سون کے طاقتور اسپیل کے تحت کراچی میں آج بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کے طاقتور اسپیل کے تحت شہر میں آج بھی گرچ چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت تیس ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

موجودہ درجہ حرارت ستائیس ڈگری سینٹی گریڈ ہے، شمال مشرق سمت سے 19 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، ہوا میں نمی کا تناسب 83 فیصد ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز سرجانی میں سب سے زیادہ بارش 127. 6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، گلشن حدید میں 46، ناظم آباد میں 45.2،کیماڑی میں 42، پی اے ایف فیصل بیس میں 38، کورنگی میں 36.6، نارتھ کراچی میں 32.9 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

یونیورسٹی روڈ پر 32، قائد آباد میں 29، اولڈ ایئرپورٹ 29، گلشن معمار میں 26 ، پی اے ایف مسرور بیس میں 25، جناح ٹرمینل پر 25 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، سب سے کم بارش ڈی ایچ اے فیز 2 میں 10 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

اگلے 24 گھنٹوں کے دوران ہوا کا شدیدکم دباؤ سمندری طوفان میں تبدیل ہونے کا قوی امکان ہے—فوٹو:رائٹرز
اگلے 24 گھنٹوں کے دوران ہوا کا شدیدکم دباؤ سمندری طوفان میں تبدیل ہونے کا قوی امکان ہے—فوٹو:رائٹرز

کارٹون

کارٹون : 30 دسمبر 2024
کارٹون : 29 دسمبر 2024