• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:22pm Maghrib 4:59pm
  • ISB: Asr 3:22pm Maghrib 4:59pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:22pm Maghrib 4:59pm
  • ISB: Asr 3:22pm Maghrib 4:59pm

مخصوص نشستوں پر سپریم کورٹ کے فیصلے کا معاملہ: الیکشن کمیشن کا اجلاس بے نتیجہ اختتام پذیر

شائع September 16, 2024
— فائل/فوٹو: ریڈیو پاکستان
— فائل/فوٹو: ریڈیو پاکستان

مخصوص نشستوں کے کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیر صدارت ہونے والا مشاورتی اجلاس بغیر کسی نتیجے کے اختتام پذیر ہوگیا۔

ڈان نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں ممبران کمیشن، سیکریٹری الیکشن کمیشن اور قانونی ٹیم نے شرکت کی، کمیشن کی قانونی ٹیم نےسپریم کورٹ کی وضاحت سے متعلق بریفنگ دی۔

ذرائع کے مطابق قانونی ٹیم کی بریفنگ کے بعد کمشین نے مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔

واضح رہے کہ 14 ستمبر کو مخصوص نشستوں کے کیس میں سپریم کورٹ کے اکثریتی بینچ نے وضاحتی حکم جاری کردیا جس میں کہا گیا کہ فیصلے کی روشنی میں پارٹی سرٹیفکیٹ جمع کرانے والے پی ٹی آئی کے کامیاب امیدوار ہیں جبکہ الیکشن کمیشن فیصلے پر فوری عملدرآمد کرے۔

مخصوص نشستوں کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی وضاحتی درخواست پر سپریم کورٹ نے تحریری آرڈر جاری کر دیا۔

کیس میں اکثریتی 8 ججز کے بینچ کا فیصلہ 4 صفحات پر مشتمل ہے جس میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے 41 ارکان سے متعلق وضاحت کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا، الیکشن کمیشن کی وضاحت کی درخواست کنفیوژن پیدا کرنے کی کوشش اور تاخیری حربہ ہے، الیکشن کمیشن کی وضاحتی درخواست عدالتی فیصلے پر عمل در آمد کے راستہ میں رکاٹ ہے اور اس کی وضاحت کی درخواست درست نہیں۔

سپریم کورٹ کے وضاحتی حکم میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے خود بیرسٹر گوہر کو پارٹی چیئرمین تسلیم کیا، الیکشن کمیشن کی تسلیم شدہ پوزیشن ہے کہ تحریک انصاف رجسٹرڈ سیاسی جماعت ہے، اقلیتی ججز نے بھی تحریک انصاف کی قانونی پوزیشن کو تسلیم کیا۔

تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن وضاحت کے نام پر اپنی پوزیشن تبدیل نہیں کر سکتا، فیصلے کی روشنی میں پارٹی سرٹیفکیٹ جمع کرانے والے پی ٹی آئی کے کامیاب امیدوار ہیں، سپریم کورٹ کا 12 جولائی کا فیصلہ واضح ہے اور اس کا اطلاق قومی اور صوبائی اسمبلیوں پر بھی ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 6 دسمبر 2024
کارٹون : 5 دسمبر 2024