عمران خان، بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ 2 سے متعلق مقدمات کی سماعت بغیر کارروائی ملتوی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ 2 کیس سے متعلق مقدمات کی سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی کردی گئی۔
سابق وزیر اعظم کے خلاف آج توشہ خانہ 2 سے متعلق اسلام آباد کی مختلف عدالتوں میں 2 مقدمات کی سماعت ہونی تھی۔
اڈیالہ جیل راولپنڈی میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت بغیر کارروائی 14 نومبر تک ملتوی کی گئی۔
8 نومبر کو اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ٹو کیس پر سماعت کرتے ہوئے عمران خان اور ان کی اہلیہ کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کیا تھا جسے آج سنایا جانا تھا، جب کہ ان پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی بھی مؤخر کر دی گئی۔
دوسری جانب توشہ خانہ 2 کیس میں بانی پی ٹی آئی کی ضمانت کی درخواست پر بھی سماعت نہ ہو سکی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے پراسیکیوٹر عمیر مجید ملک کی عدم دستیابی کے باعث درخواست ضمانت پر سماعت بغیر کارروائی ملتوی کی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیس کی مزید سماعت 20 نومبر تک ملتوی کی ہے۔
پس منظر
یاد رہے کہ 12 ستمبر 2024 کو توشہ خانہ ٹو کیس کی تحقیقات کے لیے ایف آئی اےکی تین رکنی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دے دی گئی تھی۔
نیب ترامیم کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد احتساب عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو ریفرنس نیب سے ایف آئی اے کو منتقل کردیا تھا۔
قبل ازیں، عدالت نے توشہ خانہ 2 ریفرنس کا ریکارڈ اسپیشل جج سینٹرل کی عدالت کو منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔
13 جولائی کو نیب نے عمران خان اور ان کی اہلیہ کو عدت نکاح کیس میں ضمانت ملنے کے فوری بعد توشہ خانہ کے ایک نئے ریفرنس میں گرفتار کرلیا تھا۔
نیب کی انکوائری رپورٹ کے مطابق نیا کیس 7 گھڑیوں سمیت 10 قیمتی تحائف خلاف قانون پاس رکھنے اور بیچنے سے متعلق ہے۔