ترکیہ میں 9 ہزار کلوگرام ’آئس‘ ضبط کرلی گئی
ترکیہ میں حکام نے گزشتہ دو ہفتوں کے دوران ملک کے مختلف شہروں سے 9 ہزار کلو گرام میتھا فیٹا مائن (آئس) ضبط کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق ترکیہ کے وزیر داخلہ علی یرلیکایا نے بتایا کہ اس عرصے کے دوران 4 ہزار کلو گرام میتھا فیٹا مائن ضبط کی گئی ہے، جس میں 3 ہزار 500 کلوگرام استنبول اور دیگر شہروں سے برآمد کرائی گئی، ان شہروں میں مغرب میں واقع ازمیر، ایران اور عراق کی سرحد کے ساتھ ملحقہ شہر ہکاری شامل ہیں۔
ترکیہ کے کسٹمز حکام کے مطابق نومبر کے اوائل میں ایران سے ترکیہ جانے والے ٹرکوں میں 4 ہزار 500 کلوگرام پکڑی گئی تھی۔
خیال رہے کہ ترکیہ پولیس نے گزشتہ سال 22 ہزار کلوگرام میتھافیٹا مائن ضبط کی تھی جس میں سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سالوں کے مقابلے تیزی سے اضافہ ہوا تھا۔
ماہرین کے مطابق میتھافیٹا مائن ایک ایسی محرک دوا ہے جس کے نشے کا اثر ایم فیٹامائن کے مقابلے دو سے پانچ گنا زیادہ طاقتور اور طویل ہوتا ہے۔
میتھافیٹا مائن (آئس) ترکیہ میں خاصی مقبول ہے اور اسے یورپ اور شمالی امریکا میں کرسٹلز، پاؤڈر، کیپسولز اور گولیوں کی صورت میں بیچا جاتا ہے۔
یورپی یونین کی ڈرگ ایجنسی کا کہنا ہے کہ ترکیہ میں میتھافیٹا مائن کی زیادہ مقدار کا پکڑا جانا ایران اور افغانستان میں بڑھتی ہوئی پیداوار کی وجہ سے ہوسکتا ہے۔
2022 میں افغانستان میں طالبان کی جانب سے افیون کی کاشت پر پابندی کے بعد تجارت میں اضافہ ہوا ہے۔