• KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:08pm
  • LHR: Zuhr 11:48am Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 11:53am Asr 3:25pm
  • KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:08pm
  • LHR: Zuhr 11:48am Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 11:53am Asr 3:25pm

عمران خان کا پیغام ہے، 24 نومبر کو صرف پی ٹی آئی نہیں پورا پاکستان باہر نکلے، علیمہ خان

شائع November 18, 2024
— فائل فوٹو:  فوٹو بشکریہ فیس بُک/ عمران خان
— فائل فوٹو: فوٹو بشکریہ فیس بُک/ عمران خان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی و سابق وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے اڈیالہ جیل سے پیغام دیا ہے کہ 24 نومبر کو صرف پی ٹی آئی نہیں پورا پاکستان باہر نکلے۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے عمران خان کے حوالے سے بتایا کہ جمہوریت کے تین ستون ہیں، ایک ستون میڈیا، ایک عدلیہ اور ایک ستون عوام ہے۔

عمران خان نے کہاکہ میڈیا کا گلہ گھونٹ دیا گیا ہے، وی پی این پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ آپ نے 8 فروری کو ووٹ ڈالا، آپ کو انہوں نے باہر نکال دیا، چوروں کو پارلیمنٹ میں بٹھا دیا گیا۔

عمران خان نے کہا کہ آپ اب غلام بن چکے ہیں، 24 نومبر کو آپ اپنے بچوں کے لیے باہر نکلیں، علیمہ خان نے بتایا کہ 24 نومبر کو عمران خان نے پی ٹی آئی کو نہیں تمام پاکستانیوں کو باہر نکلنے کی دعوت دی ہے۔

علیمہ خان کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اورسیز پاکستانیوں کے لیے خصوصی پیغام بھیجا ہے، سب سے زیادہ اورسیز پاکستانیوں کو احساس ہونا چاہیے۔

عمران خان نے کہا ہے کہ اورسیز پاکستانی اپنے اپنے ملکوں میں اپنے ملک کے لیے نکلیں، ہم پر جو ظلم ہو رہا ہے اس کے خلاف نکلنا ہے، باہر نکل کر بتائیں یہ نظام قبول نہیں ہے۔

صحافی نے سوال کیا کہ چوہدری پرویز الہٰی پردہ اسکرین سے غائب ہیں ؟ جس پر علیمہ خان کا کہنا تھا کہ کہ اس کا مجھے نہیں پتا۔

ادھر، اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، جس کے تحت کسی بھی قسم کے مذہبی، سیاسی اجتماع پر پابندی ہوگی۔

پی ٹی آئی نے 24 نومبر کو احتجاج کی کال دے رکھی ہے، سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے واضح کیا تھا کہ احتجاج میں رہنماؤں کی کارکردگی کی بنیاد پر اگلے عام انتخابات میں پارٹی ٹکٹ دیا جائے گا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ذرائع نے بتایا تھا کہ اگلے عام انتخابات کے لیے پارٹی ٹکٹ اسلام آباد میں ہونے والے احتجاج کے دوران پی ٹی آئی قیادت کی کارکردگی سے منسلک ہیں۔

بشریٰ بی بی نے پارٹی رہنماؤں پر زور دیا تھا کہ وہ احتجاج کے دوران گرفتاریوں سے بچیں جبکہ احتجاج کے لیے مؤثر تحریک اور وفاداری کی بنیاد پر ہی پی ٹی آئی میں ان کے مسقبل کا فیصلہ ہوگا۔

انہوں نے متنبہ کیا تھا کہ کسی بھی رہنما کی پارٹی کے ساتھ دیرینہ وابستگی بھی انتخابات میں پارٹی ٹکٹ کی ضمانت نہیں دے گی اگر وہ احتجاج کے دوران توقعات پر پورا اترنے میں ناکام رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں ہونے والا احتجاج آپ لوگوں کی پی ٹی آئی سے وفاداری کا امتحان ہے، ہمارا ہدف عمران خان کی رہائی کو یقینی بنانا ہے اور ہم ان کے بغیر اسلام آباد سے واپس نہیں آئیں گے۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 19 نومبر 2024
کارٹون : 18 نومبر 2024