عمران خان رہا نہیں ہو رہے، ان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا، فیصل واڈا کا دعویٰ
سابق وفاقی وزیر فیصل واڈا نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) اور سابق وزیراعظم عمران خان رہا نہیں ہو رہے، ان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔
نجی ٹی وی چینل ’جیو نیوز‘ کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ‘ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے بالکل بھی حیرانی نہیں ہوگی اگر پی ٹی آئی 24 نومبر کی احتجاج کی کال کو واپس لے گی۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں سمجھوتہ کرنے والے لوگوں کا مقصد یہ ہے کہ عمران خان دلدل میں پھنسے رہیں اور وہ خود اقتدار کے مزے لوٹتے رہیں، اسی وجہ سے ان کی ضمانتیں بھی ہو چکی ہیں اور ان پر کوئی مقدمات بھی نہیں ہیں۔
فیصل واڈا کا کہنا تھا کہ عمران خان نہ آج رہا ہ ورہے ہیں اور نہ 24 نومبر کو کچھ ہونے والا ہے، ان کی مشکلات مزید بڑھ رہی ہیں، گزشتہ روز ایپکس کمیٹی میں آرمی چیف نے بڑے دو ٹوک انداز میں احتجاج اور خونریزی میں فرق کو بیان کیا ہے، پی ٹی آئی اگر پر امن احتجاج کرے گی تو انہیں مقام فراہم کردیا جائے گا اور اگر وہ دوسرا راستہ اختیار کرے گی تو ان کو جواب ملے گا۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ فوٹیج کے تحت 9 مئی کے کچھ لوگوں کا اس دفعہ اٹھائے جانے کا امکان ہے، اگر احتجاج کی طرف گئے تو بانی پی ٹی آئی کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا، عمران خان کی کوئی بھی احتجاجی کال سنجیدہ نہیں ہے۔
آج اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان کی 10 لاکھ روپے کے مچلکے اور 2 ضامنوں کے عوض ضمانت منظور کرکے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا تھا۔
عدالت نے اپنے حکم نامے میں خبردار کیا تھا کہ درخواست گزار ضمانت کا غلط فائدہ نہ اٹھائے، جب تک کہ عدالت استثنیٰ نہ دے، درخواست گزار کو ہر سماعت پر ٹرائل کورٹ میں حاضر ہونا ہوگا۔
اپی ٹی آئی نے 24 نومبر کو احتجاج کی کال دے رکھی ہے، سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے واضح کیا تھا کہ احتجاج میں رہنماؤں کی کارکردگی کی بنیاد پر اگلے عام انتخابات میں پارٹی ٹکٹ دیا جائے گا۔
ادھر، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے کہا کہ عمران خان کو رہا اور اپنے مطالبات منوا کر ہی دم لیں گے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا تھا کہ قوم نے فیصلہ کرنا ہے کہ وہ ظلم کے نظام کا مقابلہ کریں گے اور انصاف لیں گے یا غلامی قبول کریں گے، مزید کہنا تھا کہ عمران خان ہماری اور ہماری نسلوں کی جنگ لڑ رہا ہے، ہم بانی پی ٹی آئی کو مایوس نہیں کریں گے۔