توشہ خانہ ٹو کیس میں غیر حاضری پر بشریٰ بی بی کے وارنٹ گرفتاری جاری، ضامن کو نوٹس
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں اسپیشل جج سینٹرل نے توشہ خانہ ٹو کیس میں بشریٰ بی بی کی عدم پیشی پر وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
جمعرات کو بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے کی، دوران سماعت بشری بی بی عدالت میں حاضر نہیں ہوئیں۔
عدالت نے مسلسل غیر حاضری پر ملزمہ بشریٰ بی بی کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
عدالت نے ملزمہ کے ضامن کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت پیر تک ملتوی کردی، یاد رہے کہ بشریٰ بی بی کا ضمانتی مچلکہ ملک طارق محمود نون نے جمع کرایا تھا۔
واضح رہے کہ توشہ خانہ ٹو کیس میں اکتوبر کے آخری ہفتے میں سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو عدالت نے 10 لاکھ روپے کی ضمانت پر رہا کرنے کے احکام جاری کیے تھے، جس کے بعد ان کی رہائی کی روبکار جاری کی گئی تھی، بشریٰ بی بی اڈیالہ جیل سے نکل کر پشاور چلی گئی تھیں۔
3 روز قبل اسلام آباد کی احتساب عدالت نے بھی 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بشریٰ بی بی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے ان کے ضامن کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا، ملزمان کے سینئر وکیل نے آئندہ سماعت پر بشریٰ بی بی کو بہر صورت پیش کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔