• KHI: Zuhr 12:40pm Asr 4:26pm
  • LHR: Zuhr 12:11pm Asr 3:42pm
  • ISB: Zuhr 12:16pm Asr 3:42pm
  • KHI: Zuhr 12:40pm Asr 4:26pm
  • LHR: Zuhr 12:11pm Asr 3:42pm
  • ISB: Zuhr 12:16pm Asr 3:42pm

شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیاں، 9 خارجی دہشت گرد ہلاک

شائع January 12, 2025
— فائل فوٹو: اے ایف پی
— فائل فوٹو: اے ایف پی

خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے 2 الگ الگ آپریشنز میں 9 خوارج کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے دوسالی میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق آپریشن کے دوران 6 خوارج مارے گئے جب کہ 2 خوارج کو گرفتار کرلیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ خفیہ اطلاعات پر دوسرا آپریشن ایشام میں کیا گیا جس کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں 3 خوارج ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔

بیان میں کہا گیا کہ ہلاک اور زخمی خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ علاقے کو خوارج سے پاک کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

یاد رہے کہ 2 روز قبل سیکیورٹی فورسز نے ڈیر اسمٰعیل خان کے ایک علاقے میں آپریشن میں 5 خوارج دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

اس کارروائی سے 3 روز قبل سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں 3 مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے 19 خوراج دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا جب کہ آپریشنز کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے پاک فوج کے 3 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا تھا۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا تھا کہ پشاور متنی آپریشن میں فتنہ الخوارج کے 8 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا، مہمند بائیزئی آپریشن میں بھی 8 دہشت گرد مارے گئے، کرک آپریشن میں 3خوارج دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ان کارروائیوں میں مجموعی طور پر 19خوراج دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں سکیورٹی فورسز کے تین جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کے آخر میں شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 2 کمانڈرز سمیت 9 دہشت گرد ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے تھے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ یہ جھڑپ تحصیل میر علی کے علاقے برہو خیل میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران ہوئی، جب سیکورٹی فورسز نے تقریباً 25 عسکریت پسندوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملنے کے بعد آپریشن شروع کیا، جو علاقے میں ایک میٹنگ کے لیے جمع ہوئے تھے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ جیسے ہی سیکیورٹی فورسز جائے وقوع پر پہنچیں تو فائرنگ کا شدید تبادلہ شروع ہو گیا، ہلاک ہونے والوں میں عسکریت پسند کمانڈر عبدالحق اور معین بھی شامل ہیں، آپریشن کے دوران 7 عسکریت پسند زخمی بھی ہوئے، ذرائع کے مطابق جائے وقوع سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔

اس کارروائی سے قبل فورسز کی خیبرپختونخوا کے 3 مختلف اضلاع میں کارروائیوں میں 13 خارجی دہشت گرد ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے تھے جب کہ فائرنگ کے شدید تبادلے میں میجر محمد اویس شہید ہو گئے تھے۔

اس سے قبل 18 دسمبر کو بھی ترجمان پاک فوج نے بتایا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے 3 مختلف اضلاع میں کارروائیاں کرتے ہوئے 11خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

صدر، وزیراعظم کا خوارج کیخلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

ایوانِ صدر کے پریس ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے دو مختلف کاروائیوں میں فتنہ الخوارج کے 9 دہشتگرد جہنم واصل کرنے پر سیکورٹی فورسز کو سراہا۔

صدر مملکت نے ملک سے فتنتہ الخوارج کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ سیکورٹی فورسز دہشت گردی کے عفریت کے خاتمے کے لیے کارروائیاں کر رہی ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے، دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک فتنتہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کے متعلقہ افسران و اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور کہا کہ دہشت گردی کے عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ دہشتگردی کی اس جنگ میں مجھ سمیت پوری قوم اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکار اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر ملک کی سلامتی کے لیے دن رات مصروف عمل ہیں، پوری پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 13 جنوری 2025
کارٹون : 12 جنوری 2025