جوڈیشل کمیشن اجلاس: اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایڈیشنل ججز کیلئے جج اعظم خان اور راجا انعام امین نامزد
جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایڈیشنل ججز کے لیے سیشن جج اعظم خان اور سابق صدر اسلام آباد ہائیکورٹ راجا انعام امین منہاس جبکہ بلوچستان ہائی کورٹ میں ایڈیشنل ججز کے لیے محمد آصف ریکی، نجم الدین مینگل، محمد ایوب کے ناموں پر اتفاق کیا گیا۔
سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ آج 17 جنوری 2025 کو جوڈیشل کمیشن کے 2 اجلاس اسلام آباد میں سپریم کورٹ آف پاکستان کے کانفرنس روم میں منعقد ہوئے۔
اعلامیے کے مطابق پہلے اجلاس میں اسلام آباد ہائی کورٹ اور دوسرے اجلاس میں بلوچستان میں ایڈیشنل ججز کی تقرری کے لیے نامزدگیوں پر غور کیا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پہلے اجلاس میں جوڈیشل کمیشن نے کثرت رائے سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد اعظم خان اور ایڈووکیٹ سپریم کورٹ انعام امین منہاس کو بطور ایڈیشنل ججز اسلام آباد ہائی کورٹ نامزد کیا۔
جوڈیشل کمیشن نے دوسرے اجلاس میں سپریم کورٹ کے ایڈووکیٹس محمد آصف اور محمد ایوب خان کو متفقہ طور پر بلوچستان ہائی کورٹ میں ایڈیشنل ججز کے لیے نامزد کیا جبکہ کثرت رائے سے ایڈووکیٹ سپریم کورٹ محمد نجم الدین مینگل کے نام پر اتفاق کیا گیا۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ جو امیدوار مطلوبہ اکثریت کا ووٹ نہیں لے سکے مستقبل میں آسامیوں پر انہیں دوبارہ زیر غور لایا جائے گا۔
واضح رہے کہ قبل ازیں ڈان نیوز نے رپورٹ کیا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں 4 ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کے لیے 20 نام زیر غور ہیں جبکہ بلوچستان ہائی کورٹ میں 3 ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کے لیے 11 ناموں پر غور کیا گیا۔