کراچی کے سوا باقی ملک کیلئے بجلی پھر سستی ہونے کا امکان
کراچی کےسوا باقی ملک کے لیے ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ایک بار پھر بجلی سستی ہونےکا امکان ہے۔
ڈان نیوزکے مطابق ذرائع نے بتایا کہ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے بجلی کی قیمت میں ایک روپے 4 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست کردی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ دسمبر 2024 کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی درخواست نیپرا میں جمع کرادی گئی، نیپرا کی جانب سے ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی درخواست پر30 جنوری کو سماعت ہوگی۔
سی پی پی اے کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کااطلاق کے الیکڑک صارفین پر نہیں ہوگا، ذرائع کے مطابق من و عن کمی کا بجلی صارفین کو 7 ارب22کروڑ روپےکا ریلیف ملے گا۔
ذرائع کے مطابق مسلسل چھٹی بارماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں بجلی کی قیمت میں کمی کا امکان ہے، اس سے قبل نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں مسلسل 5 باربجلی کی قیمت میں کمی کرچکا۔
8 جنوری کو نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے کراچی کے لیے 49 پیسے فی یونٹ اور کراچی کے علاوہ پورے ملک کے 76 پیسے فی یونٹ بجلی سستی کردی تھی۔
کراچی کے لیے جاری نوٹی فیکیشن کے مطابق بجلی کی قیمت میں کمی اکتوبر 2024 کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں کی گئی تھی۔
علاوہ ملک بھر کے لیے کمی کے نوٹی فکیشن کے مطابق ڈسکوز صارفین کے لیے کمی نومبر 2024 کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں کی گئی تھی۔