ہائر ایجوکیشن کمیشن کی بھی سندھ کی جامعات میں بیوروکریٹس کو وائس چانسلر لگانے کی مخالفت
اساتذہ کے بعد وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن نے بھی سندھ کی جامعات میں بیوروکریٹس کو وائس چانسلر لگانے کے فیصلے کی مخالفت کردی۔
ڈان نیوز کے مطابق چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد نے وائس چانسلر کے تقرر کے لیے کم از کم ’اہلیت‘ پر عمل کرنا ناگزیز قرار دے دیا۔
ڈان نیوز سے خصوصی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑی تو کراچی پہنچ کر وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات کروں گا۔
وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ اس اقدام سے تعلیمی معیار پر سنگین نتائج مرتب ہوں گے، جامعات کی تعلیمی آزادی اور انتظامی امور متاثر ہوں گے اور اصلاحات کے بجائے مسائل جنم لیں گے۔
دوسری جانب جامعات میں بیورکریٹس کی بطور وائس چانسلر ممکنہ تقرر کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، جس کی وجہ سے درس و تدریس کا عمل بھی معطل ہے۔
چیئرمین ایچ ای سی نے کہا کہ اگر ضرورت محسوس کی تو کراچی آکر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات کرکے مسئلے کا حل نکالیں گے۔