پاکستانی کوہ پیما اسد میمن نے ’ونسٹن‘ اور سمر خان نے ’اکنکاگوا‘ کی چوٹی سر کرلی
پاکستانی کوہ پیماؤں کی کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے، اسد علی میمن نے انٹارکٹیکا کی بلند ترین چوٹی ’ماؤنٹ ونسٹن‘ اور سمر علی نے جنوبی امریکا کی بلند ترین چوٹی ’ماؤنٹ اکنکاگوا‘ سر کرلی۔
ڈان نیوز کے مطابق پاکستانی کوہ پیما اسد علی میمن نے انٹارکٹیکا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ وِنسن سر کرلی، وہ 7 براعظموں کی 7 چوٹیوں کوسر کرنے کے مشن میں اب تک 6 چوٹیاں کامیابی سے سر کرچکے ہیں۔
اسد علی میمن کی جانب سے سر کی گئی 4 ہزار 892 میٹر بلند ماؤنٹ ونسن دنیا کی سرد ترین چوٹی تصور کی جاتی ہے، جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 80 سے 90 تک ہوتا ہے۔
7 براعظم کی 7 بلند چوٹیوں کے سفر میں اسد میمن نے چھٹی چوٹی کو سر کیا، اسد علی میمن کے سیون سمٹ کے سفر میں آخری چوٹی ’پنچاک‘ پر جانا باقی ہے۔
دوسری جانب پاکستان کی خاتون کوہ پیما سمر خان نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا، جنوبی امریکا کی بلند ترین چوٹی ’ماؤنٹ اکنکاگوا‘ سر کر لی۔
ارجنٹائن میں واقع ماؤنٹ اکنکاگوا کی بلندی 6 ہزار 961 میٹر ہے، سمر خان نے شدید سردی، تیز ہواؤں، اور مشکل ترین حالات کا مقابلہ کرتے ہوئے یہ چوٹی عبور کی۔
یاد رہے کہ ماؤنٹ اکنکاگوا دنیا کی بلند ترین چوٹیوں میں شامل ہے اور ایشیا کے باہر سب سے بلند چوٹی ہے۔