• KHI: Zuhr 12:42pm Asr 4:31pm
  • LHR: Zuhr 12:13pm Asr 3:47pm
  • ISB: Zuhr 12:18pm Asr 3:47pm
  • KHI: Zuhr 12:42pm Asr 4:31pm
  • LHR: Zuhr 12:13pm Asr 3:47pm
  • ISB: Zuhr 12:18pm Asr 3:47pm

190ملین پاؤنڈ ریفرنس ملکی تاریخ کا سب سے بڑا ڈاکا ہے، شواہد کی بنیاد پر سزا ہوئی، عطا تارڑ

شائع January 18, 2025
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس ملکی تاریخ کا سب سے بڑا ڈاکا ہے، یہ اوپن اینڈ شٹ کیس تھا اور اس کیس میں شواہد کی بنیاد پر سزا ہوئی، عدالتی فیصلہ ملکی تاریخ کا اہم ترین فیصلہ تھا۔

لاہور میں علمائے کرام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) نے یہ پیسہ ضبط کرکے پاکستان کو دیا کہ یہ پاکستان کا پیسہ ہے لیکن اس پر سب سے بڑا ڈاکا ڈالا گیا، کابینہ نے بند لفافہ منظور کرکے یہ پیسہ اسی شخص کے حوالے کردیا جس سے یہ ضبط کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ آپ ملک سے باہر ایک جرم کریں اور وہ پیسہ آپ سے ضبط کرلیا جائے اور حکومت پاکستان کو عوام کی فلاح وبہبوط (صحت، تعلیم، پانی سڑکیں) کے لیے دیا جائے اور حکومت نے یہ پیسے عوام کو دینے کے بجائے بانی پی ٹی آئی سمیت 2 سے 3 کرداروں نے طے کیا کہ ہم نے 5،5 کیرٹ کی انگھوٹیاں لینی ہیں، زمان پارک میں 25 کروڑ کا نیا گھر بنانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے جب سے سیاست شروع کی ہے تب سے یہ پوچھ رہا ہوں کہ عمران خان کا ذریعہ آمدن کیا ہے، ان کے پاس کون سی آمدنی آرہی تھی جس سے یہ 25 کروڑ کا گھر بنایا گیا یا فرحت شہزادی کو لے کر دی گئی، یہ 200 کنال کی زمین کس نے دی اور کہاں سے آئی، دراصل یہ اس چیز کی رشوت تھی جو این سی اے نے پیسہ پاکستان کو دیا لیکن عمران خان اور ان کی اہلیہ نے یہ پیسہ ان ہی کے حوالے کردیا جس سے ضبط کیا گیا تھا، یہ تقریباً 80 سے 90 ارب کا گھپلہ ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ جب ان لوگوں کے پاس اپنے دفاع میں کہنے کے لیے کچھ نہیں تھا تو کہہ دیا گیا کہ سیرت پر چلنے کی سزا دی گئی، القادر کی زمین خریدی گئی اور اس اکاؤنٹ میں 28 کروڑ روپے گیا اور میاں بیوی نے ایک ٹرسٹ بنایا اور اب کہہ رہے ہیں کہ وہاں پر سیرت کی کلاسیں پڑھائی جارہی تھی،۔

انہوں نے کہا کہ حالانکہ وہاں پر کارٹون دکھائے جارہے تھے، بچے کارٹون دیکھ رہے ہیں، کوئی کھیل رہا ہے، میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ وہاں پر کون سی دینی تعلیم دی جارہی تھی، ہر بات میں آپ مذہب کو لے آتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہر چیز میں مذہب کو لانا بند کریں، کیا آپ ساری عمر مذہب کی تبلیغ کرتے رہے ہیں، کیا جب آپ کرکٹ کھیلتے تھے تو وہاں مذہب کی تبلیغ کرتے تھے، آپ کے خلاف بیرون ملک سے جتننے فیصلے آئے وہ مذہب پر بات کرنے کی پاداش میں آئے، سیاست ہوتی رہے گی لیکن دین اور مذہب کا نام نہ لیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میں پی ٹی آئی کی پوری قانونی ٹیم کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ آئیں اور اس موضوع پر مجھ سے بحث کریں کہ یہ حکومت پاکستان کا پیسہ تھا یا نہیں، اور یہ حکومت کے حوالے کیا گیا یا نہیں، کیا ملک ریاض اتنی سکت رکھتے تھے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے بغیر یہ پیسہ اپنے نام کروالیتے؟ ان تمام باتوں کا جواب ہے نہیں۔

واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بالترتیب 14 سال اور 7 سال کی سزائیں سنائی ہیں، بانی پر 10 لاکھ اور اہلیہ پر 5 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔

بعد ازاں اڈیالہ جیل میں کیس کی سماعت کرنے والی احتساب عدالت اسلام آباد نے 190 ملین پاؤنڈ کیس کا تحریری حکم نامہ بھی جاری کر دیا تھا، جس میں کہا گیا کہ وکلائے صفائی استغاثہ کی شہادتوں کو جھٹلا نہیں سکے، استغاثہ کا مقدمہ دستاویزی شہادتوں پر تھا، جو درست ثابت ہوئیں۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 19 جنوری 2025
کارٹون : 18 جنوری 2025