ڈان میڈیا کا 6 اور 7 فروری کو موسمیاتی تبدیلی کی عالمی کانفرنس ’بریتھ پاکستان‘ کی میزبانی کا اعلان
ڈان میڈیا نے 6 اور 7 فروری کو اسلام آباد میں موسمیاتی تبدیلی سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس’بریتھ پاکستان’ کی میزبانی کا اعلان کیا ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق جناح کنونشن سینٹر میں ہونے والی یہ 2 روزہ کانفرنس 15 متحرک سیشنز پر محیط ہوگی، جس میں 11 ممالک کے 90 سے زائد مقررین اور کانفرنس کے اہم شراکت دار اقوام متحدہ اور عالمی بینک سے موسمیاتی تبدیلی کے ماہرین کی میزبانی کی جائے گی۔
اس کے علاوہ کانفرنس میں وفاقی وزارت موسمیاتی تبدیلی اور کانفرنس کے اسٹریٹجک پارٹنر حکومت پنجاب کے ساتھ ساتھ دیگر صوبوں اور کارپوریٹ سیکٹر کے ماہرین بھی شامل ہوں گے۔
بھارت، بنگلہ دیش، نیپال، بھوٹان اور سری لنکا سمیت جنوبی ایشیائی خطے سے موسمیاتی تبدیلی کے ماہرین کی ایک بڑی تعداد بھی کانفرنس میں شرکت کرے گی۔
ڈان میڈیا کا تازہ ترین اقدام ’بریتھ پاکستان‘ ملک میں ہر سطح پر آگاہی بڑھانے، آب و ہوا کی لچک اور موافقت کی حوصلہ افزائی کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
یہ کانفرنس رہنماؤں، ماہرین اور جدت طرازوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرے گی، تاکہ معاشی ترقی کی حمایت کرتے ہوئے موسمیاتی بحران سے نمٹنے کی حکمت عملی پر تعاون کیا جاسکے، اور آبادی کے سب سے کمزور طبقوں، غریبوں، خواتین اور بچوں کی قسمت پر موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کو کم کیا جاسکے۔
ڈان کے ترجمان نے کہا کہ ’کھلے مکالمے اور عملی حل کی حوصلہ افزائی کے ذریعے ہمارا مقصد موسمیاتی تبدیلی کے خلاف پاکستان کی لچک کو مضبوط بنانا ہے‘۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان دنیا کا پانچواں سب سے زیادہ ماحولیاتی خطرے سے دوچار ملک ہے، بڑھتے ہوئے درجہ حرارت سے لے کر بے ترتیب بارشوں تک، آب و ہوا کی تبدیلی ہماری برادریوں، ماحولیات اور معیشت کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بامعنی تبدیلی ممکن ہے، اور اسے ہم سے شروع کرنے کی ضرورت ہے، ’بریتھ پاکستان‘ صرف آگاہی کے بارے میں نہیں ہے، یہ فوری اور سوچ سمجھ کر اقدامات کا مطالبہ کرتا ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ اس کے لیے ضروری ہے کہ ہر پاکستانی ہمارے ماحول کی ذمہ داری قبول کرے، موسمیاتی تبدیلی سے متعلق وسیع پالیسی میں اپنا کردار ادا کرے، اور آب و ہوا کے لحاظ سے لچک دار پاکستان کی بنیاد رکھے۔