ملتان ٹیسٹ: پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف منفرد ریکارڈ قائم کرلیا
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ملتان میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ کے دوران قومی ٹیم نے منفرد ریکارڈ قائم کرلیا، یہ میچ پاکستان میں کھیلا جانے والا سب سے چھوٹا ٹیسٹ بن گیا۔
ملتان میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 127 رنز سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی جب کہ انگلینڈ کے خلاف 2 فتوحات کے بعد قومی ٹیم کی ہوم گراؤنڈ پر یہ مسلسل تیسری فتح تھی۔
تاہم، اس فتح کی خاص بات یہ تھی کہ پاکستان نے تیسرے ہی روز فتح سمیٹ لی، قومی ٹیم نے مہمان ٹیم کو جیت کے لیے 251 رنز کا ہدف دیا تھا تاہم ویسٹ انڈیز کو اسپن جال میں پھنسا کر 123 پر ہی قابو کرلیا۔
یوں، قومی ٹیم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں منفرد ریکارڈ بناڈالا، یہ میچ پاکستان میں کھیلا جانے والا سب سے چھوٹا ٹیسٹ میچ بن گیا۔
ملتان ٹیسٹ کی چاروں اننگز میں 1064 گیندیں پھینکیں گئیں جو کہ پاکستان میں ٹیسٹ میچ میں سب سے کم ہیں، پاکستانی اسپنرز نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کی تمام 20 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل پاکستان میں گیندوں کے حساب سے سب سے چھوٹا ٹیسٹ 1990 میں انہیں دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا تھا، جس میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی چاروں اننگز میں 1080 گیندیں پھینکیں گئیں تھیں۔
علاوہ ازیں، ملتان ٹیسٹ میں پاکستانی بولرز نے دونوں اننگز میں صرف 371 گیندیں کرائیں۔ یہ پاکستانی بولرز کی کسی بھی ٹیسٹ میچ میں مختصر ترین میچ وننگ کارکردگی ہے۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹیسٹ میچ کی فتح کے لیے سب سےکم گیندیں بنگلادیش کے خلاف کرائی تھیں، 2005 میں ملتان ہی میں بنگلادیشی بیٹرز صرف 494 گیندیں کھیل پائے تھے۔