امریکا: وفاقی وزیرداخلہ کی امریکی سینیٹرز اور ارکان کانگریس سے ملاقات
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے امریکا کے دارالحکومت واشنگٹن میں امریکی سینیٹرز اور ارکان کانگریس سے ملاقات کی اور خصوصی عشائیہ کی تقریب میں شرکت کی۔
ڈان نیوز کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا عشائیہ میں پرتپاک خیرمقدم کیا گیا۔
محسن نقوی نے عشائیہ میں امریکی سینیٹرز، ارکان کانگریس سمیت اہم شخصیات سے ملاقاتیں کی، وفاقی وزیر داخلہ نے سینیٹر ٹومی ٹیوبر ویل، رکن کانگریس کین کلورٹ اور سابق برطانوی وزیر اعظم لز ٹروس سے ملاقات کی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
محسن نقوی نے ڈونلڈ ٹرمپ کو صدارت کا عہدہ سنبھالنے پر امریکی سینیٹرز و ارکان کانگریس کو مبارکباد دی اور امریکی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ آج امریکا کے لیے ایک تاریخی دن ہے، امریکی عوام صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے محبت کرتے ہیں، صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات کا نیا باب شروع ہوگا۔
محسن نقوی، ڈونلڈ ٹرمپ کی بطور صدر تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے گزشتہ روز امریکا پہنچے تھے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ڈونلڈ ٹرمپ نے 47 ویں امریکی صدر کی حیثیت سے کیپیٹل ہل میں عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔
دوسری دفعہ امریکی صدر منتخب ہونے کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا میں سنہرے دور کا آج سے آغاز ہو گیا ہے، آج سے ہمارا ملک ترقی کی نئی منازل طے کرے گا، اور دنیا بھر میں دوبارہ اس کی عزت کرائی جائے گی۔