بلوچستان: سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں ہلاک دہشت گرد افغان شہری نکلا
بلوچستان کے ضلع ژوب کے سرحدی علاقے سمبازہ میں دہشت گردی میں ملوث افغان شہری کی لاش افغانستان کے حوالے کردی گئی۔
پاک فوج کے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گرد کی شناخت محمد خان خیل کےنام سے ہوئی جسے 11 جنوری کو آپریشن کے دوران ہلاک کیا گیا تھا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق دہشت گرد کی لاش گزشتہ روز افغان حکام کے حوالےکی گئی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ واقعہ افغان شہریوں کا پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہونے کا واضح ثبوت ہے، توقع ہے افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرےگی اور اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونے دے گی۔
خیال رہے کہ سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان سے متصل پاک افغان بارڈر پر دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے مقابلے کے بعد 5 مسلح خوارج کو جہنم واصل کیا تھا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا کہ پاک افغان سرحد کے ذریعے دراندازی کی کوشش کرنے والے خوارج کے ایک گروہ کی نقل و حرکت کو سیکورٹی فورسز نے ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں ٹریس کیا، فورسز کے اہلکاروں نے دراندازی کی کوشش کو مؤثر طریقے سے ناکام بنا دیا، اس دوران 5 خوارج کو جہنم واصل کیا۔