ڈان گروپ کہہ رہا ہے، سانس لینا ہے، ہمیں اس کیلئے اقدامات کرنے ہیں، شیری رحمٰن
سینیٹر شیری رحمٰن نے ڈان کی ’بریتھ پاکستان‘ مہم کے حوالے سے کہا ہے کہ ڈان کہہ رہا ہے کہ سانس لینا ہے، تو اس کے لیے اپنے اقدامات کرنے ہیں، اور وہ ہم بتدریج لے سکتے ہیں۔
ڈان نیوز کے پروگرام ’نیوز آئی‘ میں امریکا کی جانب سے گرین پالیسی ختم اور پیرس معاہدے سے دستبردار ہونے کے سوال پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ امریکا کے مؤقف سے ظاہر ہے فرق تو پڑتا ہے، لیکن میں سمجھتی ہوں کہ پہلے پاکستان خود کنفویژن سے نکلے۔
انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کے لیے بڑے ٹرانزیشن کا منصوبہ بنارہے ہیں، ان کا وژن رہا ہے، وہ اس سے قبل ماحولیاتی معاہدے کے ایک اور معاہدے سے بھی نکلے تھے لیکن اس سے ایسا تو نہیں ہوا کہ دنیا میں موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے کانفرنس ہونا رک گئیں۔
شیری رحمٰن کا کہنا تھا کہ وہ (ٹرمپ) بھی دیکھیں گے کہ چین ’الیکٹرک اسٹیٹ‘ بنتا جا رہا ہے، اور وہ کلائمٹ چینج کے حوالے سے اقدامات کر رہے ہیں، کیونکہ چین میں آلودگی ہوگئی تھی، لیکن وہ اب اس حوالے سے کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹرمپ دیکھیں گے چین اور یورپ قابل تجدید توانائی میں لیڈ کررہے ہیں، مزید کہنا تھا کہ امریکا اپنے فیصلے ضرور کرسکتا ہے۔
سینیٹر کا کہنا تھا کہ ہمیں مایوس نہیں ہونا چاہیے، ماحولیاتی ایکشن جو ہم نے خود لینے ہیں، اس سے نہیں رکنا چاہیے، ہم جیسے ممالک کے لیے کثیرالملکی اقدامات ضروری ہیں، لیکن وہاں جب تبدیلی آئے گی، تب آئے گی، تب تک اپنا کام کریں۔
انہوں نے کہا کہ ڈان اگر کہہ رہا ہے کہ سانس لینا ہے، تو آپ نے اس کے لیے اپنے اقدامات کرنے ہیں، اور وہ ہم بتدریج لے سکتے ہیں۔