• KHI: Zuhr 12:43pm Asr 4:33pm
  • LHR: Zuhr 12:14pm Asr 3:50pm
  • ISB: Zuhr 12:19pm Asr 3:50pm
  • KHI: Zuhr 12:43pm Asr 4:33pm
  • LHR: Zuhr 12:14pm Asr 3:50pm
  • ISB: Zuhr 12:19pm Asr 3:50pm

چیمپئنزٹرافی کیلئے قومی اسکواڈ کا اعلان تاخیر کا شکار، صائم ایوب کی شمولیت پر سوالیہ نشان

شائع January 21, 2025
— فائل فوٹو: پی سی بی
— فائل فوٹو: پی سی بی

پاکستان میں شیڈول آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان بدستور تاخیر کا شکار ہے جب کہ ایونٹ کے لیے اوپننگ بلے باز صائم ایوب کی شمولیت پر اب بھی سوالیہ نشان برقرار ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کا آغاز 19 فروری سے ہوگا لیکن اس سے قبل پاکستان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان کراچی اور لاہور کے نئے تعمیر شدہ اسٹیڈیمز میں سہ ملکی سیریز کھیلی جائے گی۔

جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں میچ کے پہلے ہی دن اوپننگ بلے باز صائم ایوب انجری کا شکار ہوگئے تھے اور اس وقت ان کا لندن میں علاج جاری ہے تاہم سہ ملکی سیریز میں صائم ایوب کی شمولیت کا امکان نہیں ہے۔

اس کے علاوہ صائم ایوب کی انجری کے باعث چیمپئینز ٹرافی کے لیے بھی قومی اسکواڈ کا اعلان بدستور کا شکار ہے اور چیمپئنزٹرافی میں صائم ایوب کی شمولیت کا امکان 50 فیصد ہے۔

زرائع کے مطابق میڈیکل ٹیم نے صائم ایوب کو آپریشن تجویز نہیں کیا اور وہ صرف ری ہیب سے مکمل صحتیاب ہوسکتے ہیں تاہم صائم کے ری ہیب کا دورانہ طے ہونے کے بعد اسکواڈ کا اعلان متوقع ہے۔

خیال رہے کہ منی ورلڈکپ کے نام سے مشہور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا آغاز 19 فروری سے پاکستان میں ہو رہا ہے جب کہ بھارت اپنا پہلا میچ 20 فروری کو بنگلہ دیش کے خلاف دبئی میں کھیلے گا۔

پاکستان نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ساتھ ایک معاہدے کے تحت ہائبرڈ ماڈل پر رضامندی ظاہر کی تھی، جس کے تحت پاکستان اور بھارت کے درمیان 2028 تک تمام انٹرنیشنل ایونٹ نیوٹرل وینیو پر ہوں گے، لہذا چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے بھارت کے تمام میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائیں گے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 1996 اور 2008 کے ایشیا کپ کے بعد پاکستان کو ایک عرصے بعد پہلی بار چیمپئنز ٹرافی 2025 کی صورت میں آئی سی سی کے کسی بڑے ایونٹ کی میزبانی ملی ہے۔

بھارت نے ایشیا کپ 2008 کے بعد سے پاکستان میں کوئی میچ نہیں کھیلا، جب کہ 13-2012 میں پاکستان کے دورہ بھارت کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان کوئی دو طرفہ سیریز بھی نہیں کھیلی گئی ہے۔

گزشتہ سال بھی ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو ملی تھی لیکن بھارت نے پاکستان آنے سے صاف انکار کردیا تھا جس کے بعد ہائبرڈ ماڈل کے تحت بھارت کے تمام میچز سری لنکا میں شیڈول کیے گئے تھے، جہاں کولمبو میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت نے آسانی سے سری لنکا کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا تھا۔

پاکستان اس چیمپئنز ٹرافی میں دفاعی چیمپئن کے طور پر شریک ہوگا، آخری بار چیمپئنز ٹرافی 2017 میں ہوئی تھی جو پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں جیتی تھی۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 جنوری 2025
کارٹون : 21 جنوری 2025