• KHI: Zuhr 12:44pm Asr 4:34pm
  • LHR: Zuhr 12:14pm Asr 3:51pm
  • ISB: Zuhr 12:19pm Asr 3:51pm
  • KHI: Zuhr 12:44pm Asr 4:34pm
  • LHR: Zuhr 12:14pm Asr 3:51pm
  • ISB: Zuhr 12:19pm Asr 3:51pm

ترکیہ: پہاڑی علاقے کے مشہور ہوٹل میں آتشزدگی، 76 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

شائع January 22, 2025
اسکول کی تعطیلات کے دوران انقرہ اور استنبول سے لوگ بولو کی پہاڑیوں کا رخ کرتے ہیں
—فوٹو: رائٹرز
اسکول کی تعطیلات کے دوران انقرہ اور استنبول سے لوگ بولو کی پہاڑیوں کا رخ کرتے ہیں —فوٹو: رائٹرز

ترکیہ کے شہر بولو کے پہاڑی علاقے میں واقع مشہور ہوٹل ’اسکی ریزورٹ‘ میں آگ لگنے سے 76 افراد ہلاک، درجنوں افراد جھلسنے اور چھلانگیں لگانے کے دوران گر کر زخمی ہو گئے۔

برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق یہ واقعہ ’قیامت کی طرح‘ تھا، ترکیہ کے شمال مغربی علاقے کارتلکایا اسکی ریزورٹ میں موجود عینی شاہد مولوت اوزر نے بتایا کہ آگ کے شعلوں نے فوری طور پر ہوٹل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

حکام نے بتایا کہ آگ مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے تین بجے 12 منزلہ گرینڈ کارٹل ہوٹل کے ریسٹورنٹ کے فرش پر لگی تھی۔

بعد ازاں فائر بریگیڈ کی متعدد گاڑیوں اور ایمبولینسوں نے جلی ہوئی عمارت کو گھیر لیا، جہاں اوپر کی تین کھڑکیوں سے سفید چادریں بندھی ہوئی تھیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کس طرح لوگوں نے بھاگنے کی کوشش کی۔

صدر رجب طیب اردوان نے اس واقعے کے بعد بدھ کے روز ایک دن کے قومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔

واقعے سے متعلق ایک عینی شاہد نے بتایا کہ لوگوں نے گھبراہٹ کے عالم میں چھلانگیں لگانا شروع کر دی تھیں، پڑوسی ہوٹل کے ملازم عمر سکرک نے کہا کہ ایک شخص نے 11ویں منزل سے چھلانگ لگا دی تھی، اللہ اس پر رحم کرے۔

انہوں نے بتایا کہ ہوٹل میں موجود لوگوں نے بیڈ شیٹس کا استعمال کرتے ہوئے نیچے اترنے کی کوشش کی، جب ایک شخص نے کوشش کی تو چادریں پھٹ گئیں اور بدقسمتی سے وہ اپنے سر کے بل گر پڑا، اسی طرح ایک باپ اپنے ایک سال کے بچے کے بارے میں چیخ رہا تھا کہ میں اپنے بچے کو پھینک دوں یا وہ جل جائے گا۔

ہوٹل کے مہمانوں نے ٹی وی نشریاتی اداروں کو بتایا کہ وہ دھوئیں سے بھرے کوریڈور سے فرار ہو گئے اور کوئی الارم نہیں سنا۔

وزیر داخلہ علی یرلیکایا نے بتایا کہ ’اسکی ریزورٹ‘ کی کئی ڈھلوانوں کی بنیاد پر واقع اس ہوٹل میں 238 مہمان ٹھہرے ہوئے تھے۔

واقعے پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہمارے درد کو بیان کرنا ناممکن ہے، آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور ہوٹل میں سرچ آپریشن مکمل کیا جاچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکام جائے وقوع سے برآمد ہونے والی کچھ لاشوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کر رہے ہیں۔

آتشزدگی کی تحقیقات جاری ہیں، جو اسکول کی تعطیلات کے دوران اس وقت لگی جب قریبی استنبول اور انقرہ سے بہت سے خاندان ’اسکی‘ کے لیے بولو کے پہاڑوں کا رخ کرتے ہیں۔

ترکیہ کے وزیر داخلہ یرلیکایا نے بتایا کہ پولیس نے تحقیقات کے لیے 9 افراد کو حراست میں لیا ہے، پراسیکیوٹرز آگ کی وجوہات پر روشنی ڈالیں گے اور ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 جنوری 2025
کارٹون : 22 جنوری 2025