• KHI: Zuhr 12:44pm Asr 4:34pm
  • LHR: Zuhr 12:14pm Asr 3:51pm
  • ISB: Zuhr 12:19pm Asr 3:51pm
  • KHI: Zuhr 12:44pm Asr 4:34pm
  • LHR: Zuhr 12:14pm Asr 3:51pm
  • ISB: Zuhr 12:19pm Asr 3:51pm

پاک۔افغان سرحد سے ہتھیاروں کی بڑی کھیپ پاکستان اسمگل کرنے کی کوشش ناکام، جدید اسلحہ برآمد

شائع January 22, 2025
8 جنوری کو پاک ۔ افغان بارڈر سے ٹرک کو تحویل میں لیا گیا تھا — فوٹو: ڈان نیوز
8 جنوری کو پاک ۔ افغان بارڈر سے ٹرک کو تحویل میں لیا گیا تھا — فوٹو: ڈان نیوز
ڈرائیور کے کیبن میں خفیہ خانے میں موجود اسلحہ — فوٹو: ڈان نیوز
ڈرائیور کے کیبن میں خفیہ خانے میں موجود اسلحہ — فوٹو: ڈان نیوز

سیکیورٹی فورسز نے پاک ۔ افغان سرحد پربڑی کارروائی کرتے ہوئے افغانستان سے پاکستان غیر ملکی اسلحے کی بڑی کھیپ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔

ڈان نیوز کے مطابق پاک ۔ افغان سرحد سے متصل غلام خان بارڈر ٹرمینل پر سیکیورٹی فورسز نے اسلحہ بردار ٹرک قبضے میں لیا تھا، یہ کارروائی 8 جنوری کو کی گئی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرک سے جدید ساخت کا غیر ملکی اسلحہ اور میگزین برآمد کر لیے گئے ہیں، جنہیں مہارت سے ٹرک میں ڈرائیور کے کیبن میں بنے خفیہ خانوں میں چھپایا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق ٹرک سے برآمد کیے گئے غیر ملکی ہتھیاروں میں 26 ایم 16 رائفلیں، ایم 16 اور ایم 4 رائفلوں کے 292 میگزین، 10 ہزار سے زائد گولیاں، کلاشنکوف کے 9 میگزین اور 244 گولیاں شامل ہیں۔

اس کے علاوہ لائٹ مشین گن کی 744 گولیاں اور بڑی تعداد میں لنکرز بھی برآمد کیے گئے ہیں، برآمد اسلحہ ٹرک میں ڈرائیور کیبن میں خفیہ مقام پر چھپایا گیا تھا۔

دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ فتنہ الخوارج کی قیادت اور اس سے منسلک دہشت گردوں کی افغانستان میں موجودگی افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کی ملی بھگت کا واضح ثبوت ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ بات عیاں ہے کہ افغان چیک پوسٹوں کی جانب سے فتنہ الخوراج کو سہولت کاری فراہم کی جارہی ہے، اسلحہ کھیپ کی برآمدگی اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ خوارج افغان طالبان کی چھتری تلے یہ سب کچھ کر رہے ہیں۔

دفاعی ماہرین مزید کہتے ہیں کہ پاکستان نے افغانستان کے شہریوں کی معاشی مشکلات کو کم کرنے کے لیے اپنے بارڈر ٹرمینلز کھولے تھے، افغان طالبان اور فتنہ الخوارج دہشت گردی کو بڑھاوا دے کر افغان عوام کے ساتھ بھی دشمنی کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسی گھناؤنی کارروائیوں سے محرومی کا شکار اور معاشی طور پر کمزور افغان تاجروں کے لیے مزید مشکلات پیدا ہو گئی ہیں، عام افغان شہریوں کی بھلائی کے لیے ضروری ہے کہ وہ افغان طالبان سے فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کریں۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 جنوری 2025
کارٹون : 22 جنوری 2025