• KHI: Zuhr 12:44pm Asr 4:34pm
  • LHR: Zuhr 12:14pm Asr 3:51pm
  • ISB: Zuhr 12:19pm Asr 3:51pm
  • KHI: Zuhr 12:44pm Asr 4:34pm
  • LHR: Zuhr 12:14pm Asr 3:51pm
  • ISB: Zuhr 12:19pm Asr 3:51pm

سیف علی خان کی سیکیورٹی رونت رائے کی کمپنی کے حوالے

شائع January 22, 2025
فائل فوٹو—
فائل فوٹو—

بولی وڈ اداکار سیف علی خان کی سیکیورٹی بھارتی مشہوراداکار رونت رائے کی ایجنسی کے سپرد کردی گئی۔

’اے این آئی‘ کی رپورٹ کے مطابق سیف علی خان کو گزشتہ روزچاقو حملے میں شدید زخمی ہونے کے 6 روز بعد ممبئی کے لیلاوتی ہسپتال سے ڈسچارج کیا گیا، جب وہ ہسپتال سے باہر آئے تو مداحوں، خیرخواہوں نے انہیں گھیر لیا جب کہ فوٹوگرافرز بھی ان کی ایک جھلک کیمرے میں قید کرنے کے لیے بےتاب نظر آئے۔

ہسپتال سے ڈسچارج کے وقت سیف علی خان نے سفید رنگ کی شرٹ اور بلیو جینز پہنی ہوئی تھی، جب کہ ان کے ایک ہاتھ اور بازو پر بینڈیج بھی دیکھی جا سکتی تھی۔

بولی وڈ اداکار جب اپنے گھر پہنچے تو مداحوں اور میڈیا کی ایک بڑی تعداد پہلے سے وہاں موجود تھی، جنہیں دیکھ کر اداکار نے مسکراتے چہرے کے ساتھ ہاتھ بھی ہلایا۔

اس موقع پر ممبئی کے لیلاوتی ہسپتال سے سیف علی خان کی رہائش گاہ تک سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات بھی دیکھنے میں آئے ، جن کا چرچہ سوشل میڈیا پر خوب رہا۔

دوسری جانب بھارت کی ٹی وی اسکرین کے سپر اسٹار اور ’مسٹر بجاج‘ کے کردار سے ناظرین کے دلوں پر راج کرنے والے رونت رائے کو بھی ممبئی پولیس کے ساتھ سیف علی خان کی سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے دیکھا گیا، جس پر سوشل میڈیا میں چہ مگوئیاں شروع ہوگئیں۔

59 سالہ رونت رائے ممبئی میں ایک سکیورٹی ایجنسی چلاتے ہیں جن کی خدمات سیف علی خان کی حفاظت کے لیے حاصل کی گئی ہیں۔ اس سے قبل یہ فرم بولی وڈ کے ’اینگری مین‘ امیتابھ بچن اور ’مسٹر کھلاڑی‘ اکشے کمار کو بھی اپنی خدمات فراہم کر چکی ہے۔

رونت رائے کا کہنا تھا کہ وہ اس مشکل وقت میں سیف علی خان کے ساتھ ہیں، جب کہ انہوں نے اداکار کو فراہم کی گئی سکیورٹی کی تفصیلات بتانے سے انکار کردیا۔

یاد رہے کہ سیف علی خان کے گھر میں واردات کی نیت سے داخل ہونے والے مبینہ بنگلہ دیشی شخص محمد شریف الاسلام شہزاد نے ان پر حملہ کیا تھا۔

ملزم کے چاقو حملے کی وجہ سے اداکار کو 6 جگہ زخم آئے تھے، جب کہ چاقو ان کی ریڑھ کی ہڈی کے قریب ٹوٹ گیا تھا۔ حملے کی وجہ سے سیف علی خان کا اسپائنل فلوئڈ بھی لیک ہوا لیکن بروقت طبی امداد اور ایمرجنسی میں کی گئی سرجری کی وجہ سے ان کی جان بچالی گئی۔

16 جنوری کی شب چاقو حملے میں شدید زخمی ہونے کے بعد سیف علی خان کو ایمرجنسی میں ایک رکشے میں لیلاوتی ہسپتال پہنچایا گیا تھا، جب کہ رکشا ڈرائیور کا کہنا ہے کہ گزشتہ جمعرات رات 2 بجے کے قریب وہ ممبئی کے علاقے باندرا میں رکشا چلا رہا تھا جب ایک خاتون نے مدد کےلیے اسے آواز دی۔ اسے معلوم نہیں تھا کہ زخمی شخص سیف علی خان ہیں۔

رکشا ڈرائیور نے یہ بھی بتایا تھا کہ وہ شخص خونم خون اور زخموں سے چور تھا۔ ہم 8 سے 10 منٹ میں اسپتال پہنچ گئے تھے۔

اس واقعے کے کئی گھنٹوں بعد اداکار کی اہلیہ اور بولی وڈ اداکارہ کرینہ کپور خان نے انسٹا گرام پر ایک جذباتی پوسٹ کرتے ہوئے درخواست کی کہ ’سیف پر حملے کے حوالے سے افواہیں نہ پھیلائی جائیں۔ یہ ہمارے خاندان کے لیے ایک انتہائی مشکل دن رہا ہے اور ہم ابھی بھی پیش آنے والے واقعات کو سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس مشکل وقت میں، میں انتہائی عاجزی کے ساتھ درخواست کرتی ہوں کہ ہماری رازداری کا خیال رکھیں اور میڈیا اور پاپارازی مسلسل قیاس آرائیوں اور کوریج سے باز رہیں۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم آپ کی فکر اور حمایت کی قدر کرتے ہیں، مسلسل نگرانی اور توجہ نہ صرف پریشان کن ہے بلکہ ہماری حفاظت کے لیے بھی ایک سنگین خطرہ پیدا کرتی ہے۔ میں درخواست کرتی ہوں کہ آپ ہماری حدود کا احترام کریں اور ہمیں سنبھلنے کا موقع دیں۔‘

ممبئی پولیس نے چاقو حملہ کیس کی مزید تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ حملہ آور واقعہ کے بعد اسی اپارٹمنٹ کے باغیچے میں 2 گھنٹوں تک چھپا رہا، جب کہ جس وقت حملہ آور عمارت میں داخل ہوا تھا تو سیکیورٹی پر مامور گارڈز سو رہے تھے۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 جنوری 2025
کارٹون : 22 جنوری 2025