مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی رہنما کے درمیان ٹاک شو میں جھگڑا، ویڈیو وائرل
پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے ترجمان اختیار ولی خان اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما نعیم حیدر پنجوتھا کے درمیان ٹاک شو میں جھگڑا ہو گیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بول نیوز کے پروگرام ’ایسے نہیں چلے گا‘ میں اختیار ولی خان اور نعیم حیدر پنجوتھا کے درمیان میں تلخ کلامی کے بعد ہاتھ پائی ہوئی، جس میں دونوں ایک دوسرے پر چیختے ہوئے سنا اور دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈیو میں نظر آرہا ہے کہ دونوں ایک دوسرے کی قیادت کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرتے ہیں اور اسی دوران اختیار ولی اچانک اٹھ کر پی ٹی آئی رہنما کو نشانہ بناتے ہیں، چند ہی لمحوں میں نعیم حیدر پنجوتھا بھی سیٹ سے کھڑے ہوجاتے ہیں اور دونوں آپس میں گتھم گتھا ہو جاتے ہیں۔
بعد ازاں، اسٹوڈیو میں موجود عملہ آتا ہے، ان کے درمیان بیچ بچاؤ کرواتا ہے۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے، جب ٹاک شو میں مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی رہنما کے درمیان جھگڑا ہوا ہو، اس سے قبل ستمبر 2023 میں سینیٹر افنان اللہ اور شیر افضل مروت کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی تھی۔
ایکسپریس نیوز کے پروگرام ’لائیو ود جاوید چوہدری‘ میں تلخ کلامی کے بعد ہاتھ پائی ہوئی تھی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس میں دونوں ایک دوسرے پر چیختے ہوئے سنا اور دیکھا گیا تھا۔