فیصل آباد: 9 مئی کیس، عمر ایوب، شبلی فراز ، فواد چوہدری اور کنول شوزب کے وارنٹ گرفتاری
فیصل آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی سے متعلق کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب، سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز، کنول شوزب کے علاوہ فواد چوہدری کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
ڈان نیوز کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت فیصل آباد میں 9 مئی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، دوران سماعت عدالت نے متعدد پی ٹی آئی رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شبلی فراز، سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری اور کنول شوزب کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔
چاروں رہنماؤں کی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری تھانہ سول لائن کے درج مقدمہ میں جاری ہوئے۔
پس منظر
واضح رہے کہ 9 مئی 2023 کو القادر ٹرسٹ کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا۔
اس دوران فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔
مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا جسے جناح ہاؤس بھی کہا جاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔
اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی کے کارکنوں کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔