ہری پور سے یونان کشتی حادثے میں مطلوب اسمگلر گرفتار
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے خیبرپختونخوا کے ضلع ہری پور سے یونان کشتی حادثے میں مطلوب انسانی اسمگلر کو گرفتار کرلیا۔
ڈان نیوز کے مطابق ایف آئی اے نے ہری پور میں کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ میں ملوث شہریار احمد کو گرفتار کر لیا۔
گرفتار ملزم کے موبائل سے ٹھوس شواہد سمیت غیر ملکی انسانی اسمگلر کے ساتھ رابطوں کے ثبوت ملے ہیں۔
خیال رہے کہ 14 دسمبر کو یونان کے جنوبی جزیرے گاوڈوس کے قریب کشتی الٹنے کے بعد متعدد تارکین وطن ڈوب کر ہلاک جب کہ کئی لاپتا ہوگئے تھے، دفتر خارجہ نے کشتی حادثے میں بچائے گئے 47 پاکستانیوں کی فہرست جاری کی تھی۔
یونان میں پاکستانی سفیر عامر آفتاب قریشی نے بتایا تھا کہ کشتی حادثے میں اب بھی درجنوں پاکستانی لاپتا ہیں جن کے بچنے کی امیدیں بہت کم ہیں جب کہ حادثے میں جاں بحق پاکستانیوں کی لاشیں سفارتخانہ اپنے خرچ پر پاکستان بھیجے گا۔
بعد ازاں، چند روز بعد ہی یونانی حکام نے لاپتا افراد کو مردہ قرار دیتے ہوئے ان کی تلاش اور ریسکیو کے لیے جاری آپریشن روک دیا تھا، جس کے بعد سانحے میں مرنے والے پاکستانیوں کی تعداد 40 ہوگئی تھی۔
بعد ازاں، وزیر اعظم شہباز شریف نے انسانی اسمگلنگ سے متعلق جاری تحقیقات جلد از جلد مکمل کر کے ٹھوس سفارشات پیش کرنے، سہولت کاری میں ملوث وفاقی تحقیقات ادارے (ایف آئی اے) کے اہلکاروں کی نشاندہی اور ان خلاف کے سخت کارروائی اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے متعلقہ اداروں کو آپس کے رابطے مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی تھی۔
اس حوالے سے انسانی اسمگلنگ میں مبینہ سہولت کاری پر ایف آئی اے کے 38 افسران کو نوٹسز جاری کیے گئے تھے جب کہ ایڈیشنل ڈائریکٹر امیگریشن سیالکوٹ ایئرپورٹ کو عہدے سے ہٹادیا گیا تھا۔