• KHI: Zuhr 5:00am Asr 5:00am
  • LHR: Zuhr 5:00am Asr 5:00am
  • ISB: Zuhr 5:00am Asr 5:00am
  • KHI: Zuhr 5:00am Asr 5:00am
  • LHR: Zuhr 5:00am Asr 5:00am
  • ISB: Zuhr 5:00am Asr 5:00am

پی ٹی آئی نے مذاکرات کیلئے وزیراعظم کی ہاؤس کمیٹی بنانے کی تجویز مسترد کردی

شائع January 30, 2025
— فائل فوٹو: آن لائن
— فائل فوٹو: آن لائن

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) وزیراعظم کی جانب سے ہاؤس کمیٹی بنانے کی تجویز مسترد کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کی گفتگو غیر متعلقہ ہے کسی ایسی آفر پر غور نہیں کیا جاسکتا ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں گفتگو کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی وزیراعظم کی اس پیش کش کو مکمل طور پر مسترد کردی ہے اور شہباز شریف کے پاس یہ اسکرپٹ بہت دیر سے پہنچی ہے یعنی انہوں نے بہت دیر کردی۔

میزبان نے سوال کیا ’اس کا مطلب یہ لیا جائے کہ پی ٹی آئی اب سیاسی اتحاد بناکر حکومت کے خلاف تحریک شروع کرنے جارہی ہے‘؟

جس پر ان کا کہنا تھا کہ ہم نے تحریک تحفظ آئین پاکستان کے نام سے محمود خان اچکزئی کی سربراہی میں تحریک شروع کی تھی جس کو ہم مختلف پارٹیوں کے ساتھ ملکر آگے لے کر جارہے ہیں۔

دوسری جانب، سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے بھی وزیراعظم کی جانب سے ہاؤس کمیٹی بنانے کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہاؤس کمیٹی میں سیاسی جماعتوں کے لوگ شامل ہوتے ہیں جو غیر جانبدار طریقے سے فیصلہ نہیں دے سکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہاؤس کمیٹی بنانے کی تجویز مناسب نہیں، جوڈیشل کمیشن پر لوگوں کا اعتماد ہوتا ہے اور اگر حکومت مذاکرات میں سنجیدہ ہوتی تو کمیشن کا اعلان کرچکے ہوتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف ملک میں بحرانوں کی وجہ سے مذاکرات کے لئے راضی ہوئی لیکن معاملات کے حل کے لیے حکومت کی سنجیدگی اور نیک نیتی شامل ہونی چاہیے۔

خیال رہے کہ قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق نے 28 جنوری کو حکومت اور پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹیوں کا اجلاس طلب کیا تھا جس میں تحریک انصاف نے شرکت سے انکار کردیا تھا۔

بعد ازاں، ایاز صادق نے کہا کہ تحریک انصاف کی عدم موجودگی پر آج کا اجلاس ملتوی کردیا گیا ہے، حکومتی مذاکراتی کمیٹی اجلاس میں موجود تھی مگر اپوزیشن نہیں آئی، تاہم مذاکراتی کمیٹی تحلیل نہیں کر رہے، وہ برقرار رہے گی۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں تحریک انصاف کو پارلیمانی کمیٹی بنانے کی پیشکش کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات آگے بڑھانے کے لیے صدق دل سے تیار ہوں، میں چاہتا ہوں مذاکرات آگے بڑھیں، ہماری کمیٹی نے کہا ہے کہ ہم جواب لکھ کر دیں گے، ہاؤس کمیٹی کے لیے تیار ہیں۔

شہباز شریف نے تحریک انصاف کو اپنے گریبان میں جھانکنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ آئیں بیٹھیں، ہم ہاؤس کمیٹی کے لیے تیار ہیں، 2018 کی کمیٹی بھی اپنا کام مکمل کرے اور 2024 کے الیکشن پر بھی ہاؤس کمیٹی بنے جو حقائق سامنے لے کر آئے۔

کارٹون

کارٹون : 24 فروری 2025
کارٹون : 23 فروری 2025